- عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی غیرحاضری میں کی، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے،درخواست گزار
- کس عدالت میں پیش ہونا ہے؟ :چیف جسٹس عامر فاروق کا استفسار،، سپیشل جج سینٹرل لاہور کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیںامجد پرویز
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کی 14 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے سلیمان شہباز کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں سلیمان شہباز اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار نے کہا کہ 2018 میں بیرون ملک گیا اور 2020 میں مقدمہ بنایا گیا اور منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا کوئی کال اپ نوٹس نہیں ملا، عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی غیرحاضری میں کی، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکوں۔دوران سماعت چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کس عدالت میں پیش ہونا ہے؟ اس پر امجد پرویز نے بتایا کہ سپیشل جج سینٹرل لاہور کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔عدالت نے سلیمان شہباز کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور سلیمان شہباز کو 14 روز میں لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔مسلم لیگ( ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔اس موقع پر مسلم لیگ لائرز فورم کے ارکان نے کمرہ عدالت میں سلیمان شہباز سے ملاقات کی۔