لاہور / صوابی / گجرات (ویب نیوز)

  • میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی، موٹرویز کئی مقامات پر بند، پروازیں متاثر
  • حد نگاہ کم ہونے سے ہائی ویزپرٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی

 میدانی علاقے شدید دھندکی لپیٹ میں رہے جس کے باعث موٹرویز کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں جبکہ ہائی ویز پر بھی ٹریفک سست روی کا شکار رہیٹ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کرنے والی آٹھ پروازیں بھی دھند سے متاثر ہوئیں۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون صوابی سے برہان انٹر چینج تک جبکہ موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ سردار تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ۔حکام نے بتایا کہ لاہور اور ملتان موٹر ویز فیض آباد سے درخانہ تک جبکہ موٹر وے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کیا گیا ، سیالکوٹ موٹر وے کو مکمل بند کر دیا گیا۔دوسری جانب جی ٹی روڈ پربھی شاہدرہ سے لے کر وزیر آباد تک دھند چھائی رہی ،حدنگاہ کم ہونے سے ٹریفک روانی متاثر ہوئی جبکہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کرنے والی آٹھ پروازیں بھی دھند سے متاثر ہوئیں۔موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ یوزرز کو ہدایت کی گئی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کر یں۔ اس کے علاوہ روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

 

  • گجرات، کالا شاہ کاکو ،دھند کے باعث حادثات ، 5 افراد جاں بحق،متعدد زخمی
  • لاشیں ہسپتال منتقل ، گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب کا حادثے میں جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس
  • کالاشاہ کاکو حادثے میں چھ گاڑیاں ٹکرا گئیں ،زخمی ہسپتال منتقل ،گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا

گجرات اور کالا شاہ کاکو میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ گجرات کے علاقے سبزی منڈی کے قریب پیش آیا جہاں دھند کے سبب ٹرک اور رکشے میں تصادم ہو گیا۔ ریسکیو کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا، حادثے میں 5افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات سبزی منڈی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اوروزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے رکشے اور ٹرک کے تصادم میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ذمہ دار ڈرائیور کیخلاف قانونی کارروائی کاحکم دے دیا۔دوسری جانب گہری دھند کے باعث کالاشاہ کاکوکے قریب ٹریفک حادثہ ہوا جس کے نتیجے میں6گاڑیاں ٹکراگئیں ، متعدد افرادزخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ، حادثے میں گاڑیوں کوبھی شدیدنقصان پہنچا ۔