بانی پاکستان کا 146واں یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منایا گیا
دن کا آغاز ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاں سے ہوا
ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے، کراچی سمیت ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تقریبات منعقد
اسلام آباد/ کراچی( ویب نیوز)
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا146واں یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منایا گیا۔دن کا آغاز ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاں سے ہوا، ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے۔اس حوالے سے کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں، بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب مزار قائد پر منعقد کی گئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول نے چاق و چوبند دستہ نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل عمرعزیز نے مزار قائد پر پھول رکھے اور دعا کی۔ بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ کے ارکان سمیت دیگر اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔ ان تقریبات میں قائد اعظم محمد جناح کو ان کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ 25دسمبر کو قائداعظم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے شہریوں کے لیے مزار قائد پر داخلہ مفت ہے۔