پی ٹی آئی کی طرف سے استعفوں کے معاملہ پر سپیکر قومی اسمبلی سے با ضابطہ طور پر رابطہ کیا گیا ہے ،ترجمان قومی اسمبلی
اسلام آباد( ویب نیوز)
ترجمان قومی اسمبلی نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے با ضابطہ طور پر رابطہ کیا گیا ہے جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی ہے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی جو اس وقت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں موجود ہیں سے ٹیلی فون پر پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف ویب ملک عامر ڈوگر نے رابطہ کیا اور انہیں باور کرایا کہ پی ٹی آئی کا ایک وفد جو ان سمیت شاہ محمود قریشی ، پرویز خٹک اور چند دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں پر مشتمل ہو گا۔سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرناچاہتا ہے تاکہ پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں پر بات کی جا سکے ۔پی ٹی آئی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ اگر چہ پہلے جماعت کا فیصلہ تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام 124ممبران اکھٹے سپیکر کے سامنے پیش ہوں گے لیکن بعد ازاں ایک نمائندہ وفد بھیجنے پر اتفاق ہوا ۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی جانب سے رابطہ کرنے کا خیر مقدم کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے اور سیاست دانوں میں رابطے رہنے چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سپیکر نے انہیں باورکرایا کہ استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے ضوابطہ کار میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور اس سلسلے میں سپیکر نینہ صرف شاہ محمود قریشی بلکہ تمام پی ٹی آئی ممبران کو تفصیلی خطوط ارسال کر دئیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ استعفوں بارے فیصلہ سختی سے اسی دائر کار میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔قومی اسمبلی میں پی ٹی ائی کے سابق چیف ویب ملک عامر ڈوگر نے سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور یہ طے پایا کہ سپیکر کی گڑھی خدا بخش سے واپسی پر پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات ہوگی۔ عامر ڈوگر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ارکان اسمبلی کے استعفوں کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ ہوا ہے، ان کے بیرون ملک دورہ کے لیے روانگی کے باعث بدھ کوپیش ہونے کا پلان ملتوی کیا گیا، تاہم اسپیکر کی درخواست پر پی ٹی آئی وفد بدھ کو ان سے ملاقات کرے گا۔عامر ڈوگر نے کہا کہ اسپیکرسے ملاقات میں ارکان کے استعفوں پر اپنا مقف پیش کرنے کے ساتھ ارکان کے استعفوں کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے تاریخ طے کریں گے۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ہم جب بھی اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا کہتے ہیں، وہ بھاگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل ہمارے ارکان قومی اسمبلی کااجلاس کے پی ہاوس میں ہوگا ۔ ہم تو استعفوں کی تصدیق کے لیے جائیں گے۔