لاہور (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت الیکشن ہونے چاہئیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات گورنر پنجاب کو سمری موصول ہو گئی تھی، گورنر پنجاب مزید 24 گھنٹے کا انتظار نہ کریں، اسمبلی کی تحلیل کا آرڈر جاری کریں تا کہ نگران سیٹ اپ کی تشکیل کا عمل شروع ہو سکے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویزالہیٰ حمزہ شہباز کو اپنے تین نام بھیجیں گے،امید کرتے ہیں حمزہ شہباز بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے، امید کرتے ہیں ایسے نام سامنے آئیں گے جن پر سب کو اتفاق ہو گا۔
فواد چودھری نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ، کابینہ اراکین نے آج زمان پارک آنا تھا، موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں آسکے، فون پر ان سے بات ہو گئی ہے، انہوں نے ایڈوائس تیار کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کراچی میں تاجروں نے اسٹیٹ بینک کے باہر احتجاج کیا، یہ موجودہ حکومت کی نااہلی ہے، پاکستان کی معیشت کو اب بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، نالائق ٹولے نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کا ماضی ہے جب بھی اقتدارمیں آئے معیشت کو تباہ کر کے گئے، جب وزیر خزانہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہو گا تو کیسے معاشی خوشحالی آسکتی ہے؟
کراچی بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ درست ہے، اسلام آباد میں اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکے، رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھا۔
فواد چودھری نےایم کیو ایم دھڑوں کو ’’ نئی برائلر ایم کیو ایم ‘‘ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں الیکشن سے بچنے کی کوششیں کر رہی ہیں، اگرالیکشن نہیں کرانا چاہتے تو پھر جمہوریت کا کوئی تصور نہیں رہ جاتا، کراچی، حیدر آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، حکومت کو کہتا ہوں ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت میں الیکشن ہونےچاہئیں، وفاقی حکومت عقل کو استعمال کر کے الیکشن کا فریم ورک طے کرے۔