اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلئے، الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کر دیا
شاہ محمود قریشی، اسد عمر، مراد سعید، قاسم سوری، پرویز خٹک،فواد چوہدری، اسد قیصر، علی زیدی، عمر ایوب ،شیخ راشد شفیق اور دیگر ڈی نوٹیفائی ہونے والوں میں شامل
اسلام آباد( ویب نیوز)
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے 35 ارکان کے استعفے منظور ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان ارکان کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔ جن ارکان کے استعفے منظور کئے گئے ہیں ان میں شاہ محمود قریشی، مراد سعید، قاسم سوری، پرویز خٹک، اسد قیصر، شیخ راشد شفیق، اسد عمر اور علی زیدی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کئے گئے ارکان قومی اسمبلی میں عمر ایوب، شہریار آفریدی، زرتاج گل، فواد چوہدری، غلام سرور خان، عالیہ حمزہ اور کنول شوذب بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ منصور حیات خان، فواد احمد اور ثنا اللہ خان مستی خیل کے استعفے بھی منظور کرلئے گئے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی اسمبلی میں واپس آنے کی تیاری کررہی ہے، اس حوالے سے ہونیوالے اجلاس میں پارٹی اراکین نے اختیار عمران خان کو دیدیا تھا۔پی ٹی آئی اجلاس سے متعلق فواد چوہدری نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں واپسی کے بعد پارلیمانی لیڈر، قائد حزب اختلاف اور چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی کے عہدے پی ٹی آئی کو ملیں گے، جس کیلئے پرویز خٹک کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی حکومت کے خاتمے کے فوری بعد قومی اسمبلی سے استعفی دیدیا تھا، قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے استعفے منظور کرلئے تھے تاہم نئے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے استعفوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا تھا۔