ملک دشمنوں کے بلوچستان میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں، آرمی چیف

بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے غیر ملکی سپانسر اور حمایت یافتہ دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے کی ہدایت

جنرل سید عاصم منیر کا خضدار اور بسیمہ کا دورہ،سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

راولپنڈی(ویب  نیوز)

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا بلوچستان کے علاقے خضدار اور بسیمہ کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ، آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کی ہر سازش ناکام بنانے کا عزم، کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے خضدار اور بسیمہ کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سیکیورٹی صورتحال سمیت فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور پرامن ماحول کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔  آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کی ہر سازش ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی حمایت یافتہ وطن دشمن عناصر کی ہرکوشش ناکام بنائیں گے، پاک فوج کے  جوان اپنی آپریشنل تیاریاں برقرار رکھیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ بھاری قربانیوں سے حاصل کردہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادیں گے، پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں، بلوچستان میں فوج کے آپریشنز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، لوگوں کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی پر توجہ دے رہے ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے استقبال کیا۔