چیف جسٹس کا سینٹرل جیل راولپنڈی کا دورہ ، آئی جی جیل خانہ جات کی چیف جسٹس کو صوبے بھر کی جیلوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ
دورے کے دوران بچوں و اسیران میں گرم کپڑے اور اشیائے ضروریہ پر مشتمل گفٹ پیک تقسیم کیے گئے
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث 11 اسیران کی رہائی کے احکامات بھی جاری
راولپنڈی(ویب نیوز)
سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سینٹرل جیل راولپنڈی پہنچ گئے جہاں انہوں نے بیرکوں کا دورہ کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال دیگر معزز جسٹس صاحبان کے ہمراہ سینٹرل جیل راولپنڈی پہنچے ،
جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان نے چیف جسٹس کو صوبے بھر کی جیلوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نے سپریم کورٹ کے معزز ججز کو سینٹرل جیل کے مختلف حصوں، خواتین وارڈ ،نوعمر وارڈ ،جیل پی سی او اور حوالاتی و قیدی بیرکس کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر اسیران کے رہن سہن ،خوراک ،موسمی ،طبی سہولیات ،کھیل و تفریح کے انتظامات ، مفت قانونی امداد و تعلیمی سرگرمیاں اور ووکیشنل ٹریننگ کے پروگراموں، اسیران کے کیسز و اپیلوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔چیف جسٹس نے عدلیہ کے حکام اور جیل انتظامیہ کو اسیران کو سہولیات کی فراہمی کے تسلسل اور مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر نوعمر وارڈ میں کمسن اسیران کو دی جانے والی فنی تعلیم کے مرکز ، خواتین وارڈ میں چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کے انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا اور بچوں و اسیران میں گرم کپڑے، اشیائے ضروریہ پر مشتمل گفٹ پیک تقسیم کیے۔چیف جسٹس نے چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے ہیومن رائٹس رابعہ جویریہ آغا کی انسانی حقوق کے حوالے سے خدمات کو سراہا اور جیلوں میں قید اسیران کو انسانی حقوق کی آگاہی کے اقدامات اور جیل اسٹاف کی ٹریننگ کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔چیئرپرسن ویمن ایڈ ٹرسٹ شاہینہ خان اور وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر اور ڈاکٹروں کی ٹیم کی جانب سے اسیران کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا ۔چیف جسٹس کے سینٹرل جیل راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث 11 اسیران کی رہائی کے احکامات بھی جاری کیے۔اس موقع پر رجسٹرار سپریم کورٹ عشرت حسین ، جسٹس (ر) صغیر احمد قادری ،ممبر انسپکشن ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ کامران بشارت مفتی ، ڈی آئی جی جیل راولپنڈی ریجن سعید اللہ گوندل ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مشتاق احمد اوجلا ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر محمود خان ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطا ربانی ، سیکرٹری لا کمیشن آف پاکستان رفعت انعام بٹ ، چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد عثمان ،سٹی پولیس آفیسر شہزاد بخاری اور دیگر معززین و متعلقہ افسران بھی موجود تھے