اسلام آباد (ویب نیوز)
چیئرمین سینیٹ نے وزراء مشیروں کی گاڑیوں پر قومی پرچم لگانے کی مخالفت پر اس معاملے پر رولنگ جاری کرنے کا اعلان کردیا ۔حکومتی اتحادی سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے وزرا کی گاڑیوں پر جھنڈے کے استعمال پر اعتراض کردیا ۔جمعرات کو اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا۔فاروق ایچ نائیک نے گاڑی پر جھنڈے کے استعمال پر چیئرمین سے رولنگ جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ اس ملک میں بے اندازہ وزرا، وزرائے مملکت اور ایسے مشیر ہیں جو وزرا کا سٹیٹس استعمال کررہے ہیں۔ ہر گاڑی پر جھنڈا لگایا جاتا ہے اور صوابدید کے تحت یہ سب کچھ ہورہا ہے ۔اس معاملے پر چیئرمین سینیٹ رولز اور قانون کے مطابق رولنگ دیں۔پی پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ85 میں پاکستان کے جھنڈے لگانے کی اجازت نہیں تھی ۔ منظور ایک تحریک کے باعث جھنڈے لگانے پر پابندی تھی ، میں بھی کابینہ کا حصہ تھا تو اس وقت کے وزیراعظم کے سامنے معاملہ اٹھایا تھا ، وزیراعظم جونیجو نے اپنے دور میں وزرا اور وزرائے مملکت کی گاڑیوں پر جھنڈے کی اجازت دی ، جب وزرا، وزرائے مملکت یا وہ مشیر جنہیں وزرا کا سٹیٹس دیا جائیگا تو پھر جھنڈا بھی دیا جائیگا ۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہم قانون کی بالادستی کی بات کررہے ہیں ، اس وقت ہم جس جگہ پہنچے ہیں وہ صوابدید کی ہی وجہ ہے ،اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ کو رولز کے تحت اور قانون کے تحت رولنگ دینی چاہیئے۔چیئرمین سینیٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس معاملے کو دیکھا جائیگا اور کل جھنڈے کے استعمال سے متعلق رولنگ دونگا۔