نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے اٹلی کے ترقیاتی تعاون کے ادارے کے ڈائریکٹر کی سربراہی میں13رکنی وفدکی ملاقات

زراعت، ووکیشنل ٹریننگ ،ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے تعاون پر اتفاق ،جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کیلئے  تعاون پر بھی گفتگو

سموگ سے نمٹنے ،زراعت او ردیگر شعبوں کی بہتری کے لئے اٹلی کی ٹیکنیکل سپورٹ کا خیر مقدم کریں گے:محسن نقوی

لاہور (ویب  نیوز)

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں اٹلی کے ترقیاتی تعاون کے ادارے کے ڈائریکٹر لوکا میسٹر یپیری(Mr.Luca Maestripieri ) کی سربراہی میں13رکنی وفدنے ملاقات کی،ملاقات میں پنجاب میں زراعت اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میںاشتراک پر تبادلہ خیال کیاگیا اور ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے نمٹنے کے لئے اطالوی تکنیکی معاونت پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کے حوالے سے تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میںزراعت، ووکیشنل ٹریننگ ،ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق کیاگیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اطالوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سموگ سے نمٹنے کے لئے اٹلی کی تکنیکی معاونت کاخیر مقدم کریں گے ۔یورپی یونین کی مارکیٹوں تک رسائی دینے پر اٹلی کے ممنون ہیں۔زراعت او ردیگر شعبوں کی بہتری کے لئے اٹلی کی ٹیکنیکل سپورٹ کا خیر مقدم کریں گے۔اٹلی میں ٹیوٹا انسٹرکٹرز کی ٹریننگ سے پنجاب کی ووکیشنل ایجوکیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجاسکے گا۔ اطالوی وفد کے سربراہ نے کہاکہ لاہور آکر خوشی ہوئی ، ثقافت اور لوگوں کی مہمان نوازی متاثر کن ہے۔ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈٹریڈ کے سی ای او نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری انوائرمنٹ نے ائیرکوالٹی اورماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اطالوی وفد میںمانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفس کے سربراہ سٹیفنو گلینسکی (Mr.Stefano Glinianski )، ہیڈ آف ایویلیوایشن آفس فرانسسکو کیپیچی(Mr.Francesceo Capecchi )،اٹلی کے سفارتے خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن رابرٹو نیکیا (Mr.Roberto Neccia )، فرانسسکو زٹا،ایمانویلا بینینی،جیکوپو برانچیسی،پارٹنرشپ ایکسپرٹ مشن کوآرڈینیٹر،اٹلی کے اعزازی قونصل فہد اقبال اور دیگر شامل تھے ۔صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،سیکرٹری زراعت،سیکرٹری اطلاعات،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے