خیبرپختونخوا: اپر کوہستان میں بس اور کار کھائی میں جاگریں، 25 افراد جاں بحق، وزیر اعظم کا اظہار افسوس
واقعے میں زخمی 15 افراد اسپتال منتقل، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، پولیس
زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے ، شہباز شریف کی ہدایت
کوہستان+ اسلام آباد ( ویب نیوز)
خیبرپختونخوا کے علاقے اپر کوہستان میں بس اور کار کھائی میں جاگریں، واقعے میں 25 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ زخمی 15 افراد اسپتال منتقل کردیئے گئے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ایس پی دیامر کے مطابق اپر کوہستان میں شتیال ڈپو چوکی کے قریب مسافر بس اور کار میں تیز رفتاری کے باعث تصادم ہوا اور دونوں گاڑیاں گہری کھائی میں جاگریں۔پولیس حکام کے مطابق حادثے میں 25 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ 15 زخمیوں کو چلاس اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بس گلگت سے راولپنڈی جارہی تھی، زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث بس کو حادثہ پیش آیا کیونکہ چھوٹی گاڑی سے ٹکرانے کے بعد بس ڈرائیور اسٹیرنگ پر قابو نہ رکھ سکا اور مسافر بس سیدھی کھائی میں گر گئی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ۔ اپنے جاری بیان میں وزیر اعظم نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ۔ انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔