• وزیر خزانہ کے زیر صدارت ای سی سی اجلا س میں وزارت دفاع کیلئے 45 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ و کامیاب پاکستان پروگرام کی بھی منظوری

اسلام آباد (ویب نیوز)

اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے گھریلو صارفین کے لیے اگست اور ستمبر کے بل معاف کرنے اور ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلا س ہوا، جس میں کمیٹی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کمرشل صارفین کے لیے ستمبر 2022 کے مہینے کے بجلی کے بلوں کو اگلے بلنگ سائیکل تک موخر اور سیلاب متاثرہ علاقوں کے 300 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے اگست اور ستمبر 2022 کے مہینوں کے بجلی کے بل معاف کر دیے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں کی معافی کے لیے 10.34 بلین روپے کی اضافی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی جبکہ اگست اور ستمبر 2022 کے مہینوں کے لیے لاگو فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی ریکوری کی بھی منظوری دیدی۔ای سی سی نے وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی ایک اور سمری پر بھی غور کیا اور نظرثانی شدہ سرکلر ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کی بھی منظوری دیدی جبکہ وزارت دفاع کیلئے 45 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دیدی۔اس کے علاوہ ای سی سی نے کامیاب پاکستان پروگرام کی بھی منظوری دیدی اور ادویات کی قیمتوں میں کمی کی بھی منظوری دے دی۔