- لمبے عرصے تک رقم منتقل نہ ہونا پی آئی اے کے لیے اضافی مالی بوجھ کا باعث بنا،رپورٹ
کراچی (ویب نیوز)
انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن(پی آئی اے)کے بیرون ملک بند ہونے والے اسٹیشنز کے فنڈز پاکستان منتقل نہ ہوسکے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قوانین کے تحت بیرون ملک بند ہونے والے اسٹیشنز کے ایک ارب 70 لاکھ روپے کے فنڈز کی فوری پاکستان منتقلی ضروری تھی۔ رقم پی آئی اے کے ماضی بعید اور ماضی قریب کے بارسلونا، نیویارک، کویت، تھائی لینڈ، سنگا پور اور بنگلہ دیش میں بند اسٹیشنزکے لیے مختص کیے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق لمبے عرصے تک رقم منتقل نہ ہونا پی آئی اے کے لیے اضافی مالی بوجھ کا باعث بنا۔ اہم فنڈز منتقل نہ ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری 2022 میں ڈی اے سی میٹنگ میں معاملہ زیر بحث لانے پر انتظامیہ نے موقف سے آگاہ کیا۔