سرگودھا (ویب نیوز)
شعبہ ابلاغیات اور نیشنل کمیشن فار ڈویلپمنٹ سرگودھا کے زیرِ اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے ذریعے خواتین کے بنیادی حقوق کو اجاگر کیا گیا اور صنفی امتیاز کے خاتمہ کی ترغیب دی گئی۔ عالمی یومِ خواتین کی تقریبات کے تسلسل میں منعقدہ اس سیمینار میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شاہ پور عظمہ راؤ، اسسٹنٹ پروفیسر گورنمنٹ گرلز ایسوسی ایٹ کالج سدرہ اعجازچیمہ، میڈیکل سپریڈنٹ ٹی بی اسپتال سرگودھا ڈاکٹر کاشفہ بھلی، پرنسپل پیرا میڈیکل سکول سرگودھا ڈاکٹر سعدیہ جمیل، سی ای او سکینہ انٹرنیشنل ہوسپٹل سرگودھا ڈاکٹر ساجدہ شاہنواز، سپریڈنٹ آف پولیس انویسٹی گیشن سرگودھا ڈاکٹر انعم فریال، انچارج شعبہ ابلاغیات نعمان یاسر قریشی سمیت طلبا و طالبات اور فیکلٹی ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر عظمہ راؤ نے کہا کہ بہتر اور متوازن معاشرہ کی تشکیل کیلئے خواتین کو خودمختار بنانا وقت کی اہم ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنی بیٹیوں کو تعلیم، شعور اور اقتصادی ترقی کے مواقعوں کی فراہمی کے ذریعے ان کے بنیادی حقوق فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اسلام میں خواتین کو برابری کے حقوق دیے گئے ہیں اور بحیثیت مسلمان ہم پر واجب ہے کہ خواتین کو بھرپور تحفظ فراہم کریں۔ ڈاکٹر کاشفہ بھلی نے کہا کہ خواتین کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے کام کرنے کی جگہ کو محفوظ بنانا چاہیے تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔ ڈاکٹر انعم فریال نے کہا کہ طالبات کو چاہیے کہ وہ خود پر اعتماد کریں اور کسی سے خوفزدہ نہ ہوں۔ پاکستانی قوانین خواتین کے بنیادی حقوق کا بھرپور تحفظ کرتے ہیں، کسی بھی نوعیت کی شکایت کی صورت میں خواتین قانون کی مدد لے سکتی ہیں۔نعمان یاسر قریشی نے کہا معاشرتی فلاح و بہبود اور ترقی میں خواتین کا کلیدی کردار ہے اور خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں بخوبی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو تعلیم، صحت اور ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔