سرگودھا  (ویب نیوز)

پاکستان کی ترقی کیلئے نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدان سے جوڑنا انتہائی ضروری ہے، کورونا وبا کے دوران جامعات میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہوئیں، اب اس سلسلہ کو دوبارہ شروع کرتے ہوئے کھیلوں کے اجڑے میدان آباد کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آبادپروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں ایچ ای سی انٹر یونیورسٹیز مِنی سپورٹس گالا2022-23 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایچ ای سی مِنی سپورٹس گالا میں پاکستان بھر کی جامعات سے طلبا و طالبات کی ٹیمیں مختلف مقابلہ جات میں شرکت کر رہی ہیں۔ یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد کی گئی منی سپو رٹس گالا کی افتتاحی تقریب میں چیئر مین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن، کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی، وائس چانسلر تھل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان سمیت پاکستان بھر کی جامعات سے معزز مہمانان، آفیشلز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں نصابی سرگرمیاں متاثر ہوئیں وہیں کھیلوں کے میدان بھی ویران ہوئے، اب کورونا وائرس پر قابو پا لیا گیا ہے اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے عملی کاوشیں کی جا رہی ہیں جس کی مثال سرگودھا یونیورسٹی میں ایچ ای سی منی سپورٹس گالا کا آغاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینا نوجوان نسل کی ذہنی، نفسیاتی اور جسمانی صحت کیلئے نہایت ضروری ہے، اس لیے ایچ ای سی کی کوشش ہے کہ طلبا و طالبات کو کھیلوں کے متواتر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ طلبہ تندرست زندگی کی جانب بڑھنے کے علاوہ کھیل کے میدان میں بھی کامیابیاں سمیٹیں اور اپنے ادارے و ملک کا نام روشن کریں۔ ڈاکٹر مختار احمد نے مزید کہا کہ کھیل نہ صرف تفریح کا ایک بہترین ذریعہ ہیں بلکہ نوجوان نسل کی کردار سازی، قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اہداف کے تعین کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں بھی مدد کرتے ہیں۔ مستقبل قریب میں جامعات کے طلبہ کیلئے کھیلوں کے مزید مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے ایچ ای سی منی سپورٹس گالا کا انعقاد کرنے کیلئے سرگودھا یونیورسٹی کا انتخاب کرنے پر چیئرمین ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل جسمانی اور ذہنی نشونما کے لیے بہت ضروری ہیں۔اسی لیے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو اہمیت دی جاتی ہے تاکہ بچوں کی بہترین نشوونما ہو اور انہیں زندگی کی تمام مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے تیار کیا جا سکے۔کھیلوں کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے  لگایا جا سکتا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مختلف مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں اور کھلاڑی اپنی قوم کے فخر کے لیے ان مقابلوں میں اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ وہ کھیل کے میدان میں بھرپور جوش اور جذبہ کے ساتھ اتریں اور کامیابیوں سے ہمکنار ہوں۔ قبل ازیں افتتاحی تقریب میں گھوڑا ڈانس، لڈی جھُمر، موسیقی پروگرام اور دیگر رنگا رنگ پرفارمنسز کا اہتمام کیا گیا جبکہ اس موقع پر طلبا و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور مختلف شعبہ جات کے طلبہ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے پنڈال میں داخل ہوئے۔ قومی و بین الاقوامی گھڑسواروں نے نیزہ بازی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب کے شرکاء سے داد وصول کی۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کو سووینئر پیش کیا۔ مِنی سپورٹس گالامیں آل پاکستان تائیکوانڈو(ویمن) چیمپئن شپ 2022-23، آل پاکستان یونیورسٹیز بیس بال)ویمن)2022-23، آل پاکستان یونیورسٹیز کبڈی (سرکل سٹائل)چیمپئن شپ2022-23، آل پاکستان یونیورسٹیز ہینڈ بال چیمپئن شپ2022-23 اور آل پاکستان یونیورسٹیز وُوشوچیمپئن شپ2022-23کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔