ارشد شریف اور ظلِ شاہ کی اموات کی شفاف تحقیقات کی جائیں،بریڈ شرمین
حال ہی میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر امریکا میں تشویش ہے
امریکا پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے، شخصی آزادیوں پر قدغن کسی صورت نہیں ہونی چاہیے
عمران خان کی تقریر پر پابندیوں اور سیاسی سرگرمیوں کر روکنے پر بھی تشویش ہے، امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سینئر رکن کا وڈیو بیان
واشنگٹن(ویب نیوز)
امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سینئر رکن بریڈ شرمین نے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف اور ظلِ شاہ کی اموات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ بریڈ شرمین نے امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کے رکن ڈاکٹر آصف محمود سے ملاقات اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ٹیلی فون پر گفتگوکے بعد وڈیو بیان بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر آصف محمود پاکستان میں حالیہ پیش رفت پر بات کرنے کے لیے میرے گھر آئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان سے فون پر بات ہوئی ہے اور خوشی ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نے مسائل پر گفتگو کی۔ امریکی کانگریس کے رکن کا کہنا ہے کہ حال ہی میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر امریکا میں تشویش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ بریڈ شرمین نے کہا ہے کہ شخصی آزادیوں پر قدغن کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سینئر رکن نے عمران خان کی تقریر پر پابندیوں اور سیاسی سرگرمیوں کر روکنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔