حکومت تصادم کی آڑ میں انتخابات سے فرار چاہتی ہے،پی ٹی آئی

ہم نے پرامن رہتے ہوئے اپنے سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ہے، ہمارا مقصد انتخابات کا حصول ہے، شاہ محمود قریشی

کسی بھی غیرقانونی حکم پر بنیادی آئینی و انتخابی حقوق کیخلاف اقدام پر آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور محاسبے کیلئے تیار رہیں، فواد چوھری

یہ عدالتیں رات 12 بجے بھی کھل جاتی ہیں، چیف جسٹس سے گزارش ہے دن کا وقت ہے، ہماری پٹیشن کو سنا جائے،لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

لاہور(ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ پرر دعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تصادم کی آڑ میں الیکشن سے فرار کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حکومت نے سیکشن 144 کا نفاذ کر دیا ہے جو کہ بلاجواز ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے دفعہ 144 کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کر دی جائے، چیف جسٹس سے گزارش ہے ہماری پٹیشن پر فوری غور کیا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ایس ایل کا میچ شام 7 بجے ہو رہا ہے، ہماری ریلی میچ کے شروع ہونے سے پہلے اختتام پذیر ہوجائے گی، پی ٹی آئی کی پرامن ریلی ہے، ان کا ایک مقصد ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی کو روکا جائے، ان کی نیتیں بالکل واضح دکھائی دے رہی ہیں۔شاہ محمود نے مزید کہا کہ ہم نے پرامن رہتے ہوئے اپنے سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ہے، ہمارا مقصد انتخابات کا حصول ہے، ایک ٹولہ فیصلے مسلط کرنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوھری کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن ارسلان کو کراچی سے اغوا کیا گیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں ارسلان کو رہا کیا جائے، یہ عدالتیں رات 12 بجے بھی کھل جاتی ہیں، چیف جسٹس سے گزارش ہے دن کا وقت ہے، ہماری پٹیشن کو سنا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ 10 لاکھ نوجوان ملک چھوڑ گئے، آپ اکیلے ادھر رہ لیں کوئی مسئلہ نہیں، ہماری پوری کوشش ہے ہمیں انصاف ملے۔ فواد چودھری نے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کو حکومت کے غیرقانونی احکامات پر عمل کرنے کے نتائج سے خبردار کر دیا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد دفعہ 144کے نفاذ کا کوئی قانونی جواز نہیں، کوئی نوٹس دیا گیا نہ ہی دفعہ 144کے نفاذ کی کابینہ سے منظوری لی گئی، کٹھ پتلی نگران حکومت کے مکمل غیر قانونی اقدام کیخلاف پنجاب اور مرکزی الیکشن کمیشن سے رجوع کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخاب کا وقت قریب آرہا ہے، کسی بھی غیرقانونی حکم پر بنیادی آئینی و انتخابی حقوق کیخلاف اقدام پر آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور محاسبے کیلئے تیار رہیں۔