ملک میں نئے انتخابات کی ضرورت نہیں،صرف فارم 45 کے مطابق حکومت بنا دی جائے،حافظ نعیم الرحمن
 اگر فارم 45پر عمل درآمد ہوجائے تو 50 فیصد سے زائد نشستوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا
 جماعت اسلامی پنجاب اسمبلی میں پاس کئے گئے ہتک عزت بل کو مسترد کرتی ہے یہ میڈیا پر پابندیوں کی سازش ہے
 آئی ایم ایف کے زریعے پاکستان کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑا جا رہا ہے اصل ہدف پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام ہے جو در حقیقت عالم اسلام کا پروگرام ہے
 ایک آئی پی پیز ایسی بھی ہے جس نے ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی لیکن اٹھائیس ارب روپے کا منافع کما یا
 گورنمنٹ پبلک پارٹنر شپ کے نام پر سرکاری تعلیمی اداروں کو سوداگروں کے سپرد کرنے کی سازش ہورہی ہے جسے جماعت اسلامی کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی
 کسانوں کے لئے چار سو ارب روپے کا ریلیف پیکج کرپشن کا نیا پنڈورا باکس ثابت ہوگا
 فلسطین کی تنظیم حماس کو تسلیم اور فلسطین کو اقوام متحدہ میں باقاعدہ نمائندگی دی جائے۔امیرجماعت اسلامی  کی پریس کانفرنس

لاہور (ویب  نیوز)

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ  ملک میں نئے انتخابات کی ضرورت نہیں،صرف فارم 45 کے مطابق حکومت بنا دی جائے ، اگر فارم 45پر عمل درآمد ہوجائے تو 50 فیصد سے زائد نشستوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا،جماعت اسلامی پنجاب اسمبلی میں پاس کئے گئے ہت عزت بل کو مسترد کرتی ہے یہ میڈیا پر پابندیوں کی سازش ہے،بجٹ کی تیاری جاری ہے اور اس بجٹ میں آئی ایم ایف کے فرمودات پر عمل کر کے عوام پر بوجھ ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ذریعے پاکستان کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑا جا رہا ہے اصل ہدف پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام ہے جو در حقیقت عالم اسلام کا پروگرام ہے، ایک آئی پی پیز ایسی بھی ہے جس نے ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی لیکن اٹھائیس ارب روپے کا منافع کما یا، حکومت تعلیم اداروں سے جان چھڑا رہی ہے اور گورنمنٹ پبلک پارٹنر شپ کے نام پر سرکاری تعلیمی اداروں کو سوداگروں کے سپرد کرنے کی سازش کر رہی ہے جسے جماعت اسلامی کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی، فلسطین کی تنظیم حماس کو تسلیم اور فلسطین کو اقوام متحدہ میں باقاعدہ نمائندگی دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم،نائب امیر اسامہ رضی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہتک عزت بل پنجاب میں جو لایا گیا میڈیا پر پابندیوں کی سازش ہے جسے مسترد کرتے ہیں، بجٹ کی تیاری جاری ہے اور اس بجٹ میں آئی ایم ایف کے فرمودات سے عوام پر بوجھ ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران عیاشیوں سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں، آئی ایم ایف کی جانب سے اب تک 23 بیل آئوٹ پیکج ملک کو دئیے جاچکے جس سے ملک تباہ ہوگیا، آئی ایم ایف قوموں کو غلام بنانے کیلئے آتا ہے ،ڈکٹیٹر و سیاستدان ان کی پالیسیوں کا نفاذ عوام پر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف امریکہ کے  زیر اثر ہے جو پالیسی بنے گی اس سے معیشت بہتر نہیں ہوگی، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اب نوبت یہاں تک آئی ہے کہ آئی ایم ایف حکومت کو بائی پاس کر کے براہ راست اداروں سے رابطہ کررہا ہے۔ نیپراکا براہ راست کہہ رہا ہے کہ ٹیرف بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے نیپرا کو بجلی کی قیمت 82، 83روپے فی یونٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔آئی پی پیز کو اٹھارہ سو ارب روپے دیے ان معاہدوں کو ریوائزنہیں کیاجا رہا ۔انہوں نے کہا کہ ایک آئی پی پیز ایسی بھی ہے جس نے ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی لیکن اٹھائیس ارب روپے کا منافع کمایا۔انہوں نے کہا کہ  جب بجلی اتنی مہنگی ہوگی انڈسٹری کیسے چلے گی،جب لوگوں نے حالات سے مایوس ہوکر سولر لگائے تو نیٹ میٹرنگ کا کہاگیا اب سازش ہورہی ہے نیٹ میٹرنگ ختم کردی جائے،سولر پر اتنی بڑی سرمایہ کاری لوگوں سے کروائی اب اس پر بھی ٹیکس کی تلوار لٹکا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دبئی پراپرٹی لیکس کی ذریعے ساڑھے تین ہزار ارب روپے کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی گئی اگر آپ نے اپنی سرمایہ کاری دبئی میں کی ہے توپھر وزیر بھی دبئی میں ہی بن جائیں، کون سا جواز سے اوورسیز پاکستانیوں سے سرمایہ کاری کی بات کریں اپنے پیسے باہر لے جائیں۔الیکشن کمیشن ایسے ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کر جنہوں نے ان پراپرٹیز کو گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ دبئی پراپرٹی لیکس کے جو جو مالک ہیں خواہ فوجی افسران ہوں یا وزیر وہ اپنی دولت کا قوم کو بتائے اور منی ٹریل دے،جن کی پراپرٹی دبئی لیکس میںآئی ہیں اور نام ظاہر نہیں کئے انہیں سزائیں دی جائیں جن کے اثاثے دبئی میں شو نہیں کئے گئے الیکشن کمیشن انہیں نااہل کرے۔ کوئی کتنا بھی طاقتور ہے اس کے پیسے کہاں سے آئے کیسے باہر گئے ان کے خلاف ایکشن لے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گندم کی خرید اری کا اعلان تو ہوا لیکن اس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا،پنجاب حکومت نے کسان کو دھوکہ دیا اور وعدہ کرکے گندم خریدنے سے مکر گئی۔انہوں نے کہا کہ چھوٹا کسان پستا ہے جو غلامی کی زندگی گزار رہا ہے، سماجی جکڑ بندیوں سے قوموں کو یرغمال بنایا ہوا ہے ریفارمز ہونی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بتائے کہ کسانوں کا چار سو ارب روپے کا پیکج کہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں سے کہتا ہوںجہاں پر بھی ریلیف نہیں ملا اور حکومت بندر بانٹ کرے  تو جماعت اسلامی کے ڈیسک پر شکایت کریں،ان لوگوں کا احتساب کریں گے جو حکومت کے ٹائوٹ بن کر کسانوں کو لوٹ رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کسانوں کے لئے چار سو ارب روپے کا ریلیف پیکج کرپشن کا نیا پنڈورا باکس ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم اداروں سے جان چھڑا رہی ہے اور گورنمنٹ پبلک پارٹنر شپ کے نام پر سرکاری تعلیمی اداروں کو سوداگروں کے سپرد کرنے کی سازش کر رہی ہے جسے جماعت اسلامی کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔جماعت اسلامی اس ایشو کو بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم مہنگی ترین ہو گئی، سرکاری تعلیم کا معیار ختم کردیا گیا ،پرائیویٹ سیکٹر تعلیم کے نام پر تجارت کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت عوام کا بنیادی حق ہے اور یہ سہولتیں دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں نئے انتخابات کی ضرورت نہیں ،صرف فارم 45 کے مطابق حکومت بنا دی جائے  ، اگر فارم 45پر عمل درآمد ہوجائے تو 50 فیصد سے زائد نشستوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔اس سوال پر کہ تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام ف میں مل کر جدوجہد کر نے پر اتفاق ہوگیا ہے کیا جماعت اسلامی ان کے ساتھ شامل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے یہ جماعتیں یہ تو بتائیں کہ  فارم 47 کے تحت حکومت میں شامل ہونا چاہتی ہیں یا ان کی جدوجہد کا مقصد کیا ہے پھر کوئی فیصلہ کریں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلسطین کی تنظیم حماس کو تسلیم اور فلسطین کو اقوام متحدہ میں باقاعدہ نمائندگی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ذریعے پاکستان کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑاجا رہا ہے اصل ہدف پاکستان کا نیوکلیئرپروگرام ہے جو در حقیقت عالم اسلام کا پروگرام ہے۔
#/S