سرگودھا (ویب نیوز)
چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ جس قوم کے اساتذہ اور امام اپنے فرائض اور ذمہ داریاں بھول جائیں ان کے لئے ترقی خواب بن جاتی ہے۔ قدرت نے جو صلاحتیں، خوبیاں اور ہنر پاکستانی قوم کو دی ہیں وہ دنیاکی کسی اور قوم میں نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں اساتذہ اور انتظامی افسران سے خصوصی سیشن بعنوان ”اعلیٰ تعلیم کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لئے بہتر اقدامات“ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس‘ وائس چانسلر یونیورسٹی آف میانوالی پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان‘ سرگودھا یونیورسٹی کے ڈین‘ سینئر اساتذہ، پروفیسر‘ پرنسپل‘ ڈائریکٹرز‘ اعلیٰ انتظامی افسران اور تمام شعبہ جات کے اساتذہ بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ہمیں بحیثیت یونیورسٹی کے اساتذہ ہونے پر فخر ہونا چاہیئے کہ ہم شعبہ پیغمبری سے وابستہ ہیں اور ہمیں یہ فکر اپنانی ہے کہ کس طرح موجودہ اور آنے والی نسل کے لئے کیا آسانیاں اور بہتری پیدا کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسی دور میں عروج حاصل کیا جب ہم ایجادات و دریافت کی دنیا میں مگن رہے اورہمارا زوال اس وقت شروع ہوگیا جب مسلمانوں نے جدید تعلیم سے کنارہ کشی اختیار کی۔ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ اس وقت جدید علوم سے روگردانی کے سبب ہم تنزلی کی طرف جارہے ہیں تاہم مجھے امید ہے کہ وہ سحر دور نہیں جس کا ہم سب کو انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس پورے ملک میں 250 یونیورسٹیاں اور 2500 مدارس ہیں جن کو اس وقت درست سمت اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ مدارس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے مدارس فروغ علم کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے اچھے اساتذہ اور ماہرین موجود ہیں جس کی سب سے بڑی مثال مغربی ممالک کی طرف سے جاری کردہ اعلیٰ تعلیم کے لئے سکالرشپ کے لئے پاکستان کاسرفہرست رہااورمیں یہ بات فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی قوم کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی ٹیلنٹ،علمی اور عملی کام کرنے کا جذبہ عطا کیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے تعلمی و تحقیقی ترقی کی مثال واضح کرتے ہوئے کہا کہ صرف 20 برسوں میں ہماری ریسرچ پبلی کیشنز کی تعداد 8000 سے بڑھ کر 30000 ہوچکی ہیں جو کہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہیں اور ہماری یونیورسٹیاں اس وقت معاشی اور انتظامی حوالے سے جو کامیاب پراجیکٹس بنا رہی ہیں ان کی ہر وقت اور ہر موقع پر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے اس موقع پر یونیورسٹی آف سرگودہا کے سابق وائس چانسلرز اور موجودہ وائس چانسلر کے حوالے سے اپنے خصوصی اور تعریفی کلمات میں کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اس حوالے سے بہت خوش قسمت ہے کہ اسے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس جیسے عظیم استاد اور انتظامی امور کے ماہر وائس چانسلر کی خدمات میسر ہوئی ہیں اور بہت جلد سرگودھا یونیورسٹی کو ہر حوالہ سے اپ گریڈ کرنے کیلئے پراجیکٹس اور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ اعلیٰ تعلیم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت ہمیشہ گزر جاتا ہے ہمیں فقط پنے حصہ کی شمع جلانا ہوگی اور اپنے ذاتی و سیاسی مسائل کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے اپنے آپ کو وطن عزیز کے لئے وقف کرنا ہوگا نیز یونیورسٹی میں کورسز کی کلاسز کے ساتھ اپنے طالب علموں کو اخلاقیات کی تعلیم بھی دینا ہوگی تاکہ وہ ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ایک بہترین اور مثالی شخصیت کہلائیں۔ قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ وہی طالب علم، اساتذہ اور معاشرے کامیابی کے زینے طے کرتے ہیں جو اپنی توجہ علم کے ساتھ ساتھ تحقیق، ایجادات و دریافت پر دیں اور اس وقت ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے درمیان اعلیٰ تعلیم کا ایک ایسا روشن ستارہ موجود ہے جس کی بتائی ہوئی سمت اور رہنمائی ہماری یونیورسٹی کے لئے بہت مفید و معاون ثابت ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس موقع پر یرنیورسٹی آف سرگودھا میں جاری تعلیمی‘ تحقیقی و تعمیراتی حوالوں سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح طالب علم اور دوسری ترجیح تعلیم کو مارکیٹ کے ساتھ جوڑنا ہے اور ہمارے مقاصد ایسے پروگرام ہیں جن کا یونیورسٹی سے براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا شاہینوں کے شہر کی واحد جامع ہے جو علاقے کی زرعی، معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے ہروقت کوشاں ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس موقع پر واضح کیا کہ یونیورسٹی کو اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے جو مسائل اور معاملات درپیش ہیں اس کے لئے ہم نے واضح حکمت عملی اپنائی ہے اور بہت جلد مزید پیٹنٹ مارکیٹ میں متعارف کروائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے اساتذہ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کے لئے ہم اپنے سکالرز کو کو علمی و تحقیقی رہنمائی دے رہے ہیں۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انجم مرتضیٰ نے بھی خطاب کیا اور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کا تعارف پیش کیا۔ سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا بھی سلسلہ ہوا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کو ادارے کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کی۔