- عمران خان کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر 29مارچ کو بحث ہو گی
- توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال
- ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں حاضری سے استثنی کی درخواست خارج
اسلام آباد (ویب نیوز)
ایڈیشنل سیشن جج اسلام آبادزیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔سینئر سول جج رانا مجاہد رحیم نے عمران خان کی جانب سے دائر ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے عمران خان کو سوموار کے روز طلب کررکھا تھا تاہم ان کے وکلاء کی جانب سے حاضری سے استتثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تھانہ مارگلہ پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ عمران خان کو 29مارچ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے۔عمران خان کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر 29مارچ کو بحث ہو گی۔
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواست خارج کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال کر دیے ہیں۔ پیر کو توشہ خانہ کیس کی سماعت اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی۔ سماعت میں عمران خان کے وکیل خواجہ حارث اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔خواجہ حارث نے عمران خان کی پیر کو عدالت حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں 18 مارچ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔