- توشہ خانہ تفصیلات کے مطابق شریف اور زرداری خاندان نے دن دیہاڑے ڈاکہ مارا
- زرداری اور نواز شریف نے غیر قانونی طور پر توشہ خانہ سے گاڑیاں نکلوائیں
- پائن ایپل کے ڈبے،سکارف،نیکلس تک گئے، بیڈشیٹوں تک کو نہیں چھوڑا،افتخار درانی
- (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والوں نے توشہ خانہ کو بے دردی سے لوٹا،پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا ردعمل
اسلام آباد (ویب نیوز)
کابینہ ڈویژن کی جانب سے توشہ خانہ کی تفصیلات پبلک کرنے کے بعد تحریک انصاف نے ججز اور جرنیلوں کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات بھی جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میںاعلی عدالتی کمیشن کے ذریعے حاصل کئے جانے والے تحائف کو گوشواروں میں ظاہر کرنے اور ان پر ٹیکسوں کی ادائیگی کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ ،چیئرمین تحریک انصاف اور انکی اہلیہ کیخلاف جھوٹے پراپیگنڈے پر معافی مانگے،توشہ خانہ تفصیلات کے مطابق شریف اور زرداری خاندان نے دن دھاڑے ڈاکہ مارا،پاکستان سے دھوکہ دہی میں ملوث شریف اور زرداری خاندان کا ایک اور ثبوت سامنے آ چکا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پچھلے 11 ماہ میں عمران خان اور بشری بی بی پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی،عمران خان نے توشہ خانہ سے قانونی طریقہ کار کے تحت ان سب سے کم تحائف لئے،زرداری اور نواز شریف نے غیر قانونی طور پر توشہ خانہ سے گاڑیاں نکلوائیںاورتوشہ خانہ قانون کی کھلے عام خلاف ورزیاں کی گئیں۔فواد چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ جو فہرست منظر عام پر آئیں وہ نامکمل ہیں، 1988 سے تفصیلات سامنے آنی چاہئیں۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقدس گائے کا تصور ختم کر کے ججز اور جرنیلوں کی تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے حکم پر یہ سب ممکن ہوا انکا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں،لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے عوام کو ملک میں شفافیت کی نئی راہ دکھائی،لاہور ہائیکورٹ ایک کمیشن بنا کر تحقیقات کرے کہ ان تحفوں کی قیمت قانون کے مطابق ادا ہوئی؟ اور ڈکلیئر کئے گئے کہ نہیں؟(ن)لیگ نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف منفی مہم چلائی اس پر اسے معافی مانگنی چاہئے،(ن) لیگ کی جھوٹی مہم اور گھٹیا بیانیہ کا پول عوام کے سامنے کھل چکا ہے۔بعد ازاں پارٹی رہنما افتخار درانی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ شریف خاندان تحائف ساتھ لیجانے میں پیش پیش رہے ،توشہ خانہ کی حالیہ پبلک کی جانے والی تفصیلات دیکھ کر ہنسی آ رہی ہے،امپورٹڈ حکومت نے 11 ماہ سے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کے متعلق مسلسل منفی مہم چلائی،عمران خان نے اپنی تمام زندگی میں حلال اور محنت کی کمائی پر گزارا کیا،عمران خان اپنی خون پسینے کی کمائی باہر سے پاکستان لے کر آئے۔افتخار درانی نے کہا کہ اپنے دور میں عمران خان نے توشہ خانہ تحائف خریدنے کی قیمت 15 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک کر دی تھی،جن افراد نے عمران خان پر الزام تراشیاں کیں انہوں نے خود توشہ خانہ میں خوب ہاتھ صاف کئے۔پائن ایپل کے ڈبے،سکارف،نیکلس اور گھڑیاں تک توشہ خانہ سے لے لی گئیں،کچھ ایسے لوگ بھی منظر عام پر آئے جنہوں نے توشہ خانہ سے بیڈشیٹوں تک کو نہیں چھوڑا، توشہ خانہ پر جو سب سے زیادہ بولتی رہیں،وہ سب سے زیادہ چوری کر چکی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان تفصیلات کے سامنے آنے کے بعد اللہ نے عمران خان کو سرخرو کر دیا ہے،نواز شریف نے توشہ خانہ سے ایک مرسڈیز لی،جو قانون کے مطابق نہیں ہے،آصف زرداری نے بھی قانون کے خلاف جا کر توشہ خانہ سے دو گاڑیاں لیں،عوام اب جان چکی کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والوں نے توشہ خانہ کو بے دردی سے لوٹا۔