- اگر کوئی چینل ہمیں کوریج دیتا ہے تو اس پر حملہ کردیا جاتاہے،ٹوئٹ
لاہور (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے عوام ہی ہماری قوت ہیں اور یہ ثابت کرنے کیلئے کہ حقیقی آزادی اور قانون کی حکمرانی کی ہماری جدوجہد میں ہمارے شانہ بشانہ ہیں، وہ ایک مرتبہ پھر نکلے! ہم بول ٹی وی کے دفتر پر چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فسطائیت کا عفریت نہایت تیزی سے پاکستان کو نِگل رہاہے۔ان خیالات کااظہار عمران خان نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ فسطائیت جبر کی نئی حدوں کو چھو رہی ہے اور طاقت کے ایوان پی ٹی آئی کی سیاسی قوت اور اسے میسرعوامی تائید سے لرز رہے ہیں۔سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہ دینے یا ہماری ریلی کی راہ میں روڑے اٹکانے کے علاوہ مجرموں کاگروہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے قائم کرتا چلا جارہا ہے تاکہ ہمیں عدالتوں میں ہی مصروف رکھ سکے۔عمران خان نے کہا کہ ہمیں کوریج سے محروم کرنے کیلئے یہ میڈیاہائوسز پر دبائو ڈالتے ہیں اور اگرپھربھی کوئی چینل ہمیں کوریج دیتا ہے تو اس پر حملہ کردیا جاتاہے مگر اس سب سے کچھ فرق نہیں پڑتاکیونکہ لاہور اپنافیصلہ سنا چکاہے کہ جہاں سارا دن لوگ بڑی تعدادمیں نکلتے اورتقریبا7گھنٹوں تک ہماری ریلی میں پیدل چلتے رہے۔ عمران خان نے کہا کہ اہلِ لاہور،خصوصا7گھنٹوں تک ہماری ریلی کیساتھ پیدل چلنے والے لوگوں کاشکریہ! یہی وجہ ہے کہ مجرموں کاگروہ اور انکے سرپرست ہم سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ بار بار سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دینے سے یانکارکرتے،8مارچ کو ہمارے کارکنان پر پرتشددحملہ کرتے اور ظلِ شاہ کے دورانِ حراست قتل کے مرتکب ہوتے ہیں۔