پاکستان عالمی سطح پر تیزی سے تنہائی کا شکار ہو رہا ہے،کورکمیٹی پی ٹی آئی

  منتخب حکومت ہی خارجہ محاذ پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ کے قابل ہوگی

بٹ خیلہ میں پرامن شہریوں پر پولیس کی فائرنگ اور  حراست میں لینے کی شدید مذمت

عوام کے خلاف  پولیس طاقت کااستعمال ریاستی فسطائیت کی بدترین شکل قرار دے دی اعلامیہ

اسلام آباد (ویب  نیوز)

کور کمیٹی پاکستان تحریک انصاف  کا اجلاس  ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، جی20 اجلاس اور ملک میں عام انتخابات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ جی20 اجلاس کا بھارت میں انعقاد اور  ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کی اس میں شرکت اور اعلامیہ پاکستان کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔کور کمیٹی کے  اعلامیہ میں کہا گیا کہ معشیت اور سیاست کی طرح پاکستان عالمی سطح پر تیزی سے تنہائی کا شکار ہو رہا ہے، پچھلے سترہ ماہ میں نہایت ناقص اور غیر موثر خارجہ حکمت عملی کے بھیانک نتائج پاکستان کی سفارتی تنہائی کی صورت میں وارد ہو رہے ہیں،کور کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ  منتخب حکومت ہی خارجہ محاذ پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ کے قابل ہوگی ۔اجلاس کے شرکا نے مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں پرامن شہریوں پر پولیس کی فائرنگ اور انہیں حراست میں لینے کی بھی شدید مذمت کی۔کور کمیٹی  نے مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے عوام کے خلاف پولیس کے طاقت کے استعمال کو ریاستی فسطائیت کی بدترین شکل قرار دیا۔کور کمیٹی اجلاس میں پاکستان کی معیشت کو خصوصی طورپر براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے ذریعے سہارا دینے کی حکومتی کوششوں کا بھی جائزہ  لیا گیا،کورکمیٹی نے مزید کہا انصاف، قانون کی حکمرانی اور سیاسی استحکام سے محروم کسی ملک کیلئے براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا تصور مضحکہ خیز اور نہایت احمقانہ ہے ۔کور کمیٹی اعلامیہ  میں کہا گیا کہ کسی بھی ملک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے داخلی استحکام اور قانون کی حکمرانی بنیادی حیثیت کے حامل ہیں ۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے مزید کہا کہ انتخابات کے خلافِ دستور التوا کے ذریعے داخلی ماحول میں کسی بہتری کی بجائے مزید ابتری کا سامان کیا جا رہا ہے۔کور کمیٹی کاقائد اعظم  کے یومِ وفات کے موقع پر کہنا تھا کہ  بابائے قوم قائد اعظم کے تصورِ پاکستان سے رجوع ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی کلید ہے ،قائد اعظم کافلسفہِ سیاست جمہوری اقدار، قانون کی غیر متزلزل حکمرانی اور ریاستی امور میں دستوری تقاضوں کے مکمل احترام سے عبارت ہے۔پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کہا کہ ریاست اور حکومت پر مسلط عناصر اپنی ناقص فیصلہ سازی کے ذریعے ملک و قوم کو قائد کی اقدار سے دور کر رہے ہیں۔انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی تنہائی کے خاتمے اور ملک میں دیرپا استحکام کے لیے آئین اور جمہوریت کی فوری واپسی ناگزیر ہے۔پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کہا کہ غیر آئینی طور پر انتخابات میں تاخیر کی تباہ کن کوششوں پر اصرار کرنے کے بجائے عوام کو ووٹ کا حق فوری بحال کیا جائے۔اجلاس کے شرکا نے جی بی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے نتائج روکے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جی بی الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے ووٹوں کی بے حرمتی کے بجائے ان کے فیصلے کا احترام کرے اور پی ٹی آئی کے امیدوار خورشید خان کی جیت کا فوری اعلان کرے۔