اسلام آباد (ویب نیوز)

موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) نے پاکستان کی سب سے بڑی آن لائن رائیڈ سروس، کریم (Careem) کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایم ایم بی ایل کے ملازمین کو رعایتی اور کم نرخوں پر شہر کے اندر اور بیرون شہر سفری خدمات فراہم کی جائیں گی۔ یہ اقدام ایم ایم بی ایل کے عملے اور انکے گھرانوں کی سہولت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ وہ بحفاظت اور کم لاگت کے ساتھ کریم کے ذریعے پاکستان بھر میں سفر کرسکیں۔

ایم ایم بی ایل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او غضنفر عظام اور کریم کے جنرل منیجر محمد عمران سلیم نے اسلام آباد میں ایم ایم بی ایل کے ہیڈکوارٹرز میں اس معاہدے پر دستخط کئے۔ اس اقدام کا مقصد بینک عملے کو ریلیف فراہم کرنا ہے، موجودہ معاشی حالات کے دوران فیول اور گاڑی کی دیکھ بھال کی لاگت میں تیزی سے اضافہ ہوگیا ہے۔ اس موقع پر دستخطی تقریب میں ایم ایم بی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) سردار محمد ابوبکر اور قائم مقام چیف پیپل آفیسر محمد ہارون بھی موجود تھے۔ مزید برآں، بڑے شہروں میں قابل بھروسہ لیکن پبلک ٹرانسپورٹ کی تنگی کے باعث لوگوں بالخصوص خواتین ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے جنہیں اکثر تحفظ کے مسائل درپیش ہوتے ہیں لیکن اس حالیہ معاہدے کی بدولت اب وہ بحفاظت انداز سے سفر کرسکیں گی۔

ایم ایم بی ایل کے ملازمین اور انکے گھرانے کے افراد ملک بھر میں انفرادی رائیڈز پر 15 فیصد رعایت حاصل کرسکیں گے۔ بینک کے ملازمین کسی بھی شہر میں کسی بھی وقت باسہولت انداز سے رائیڈ کی بکنگ کراسکیں گے۔ اسی طرح، خواتین ملازمین کو شہر کے اندر کام کی جگہ سے آمد و رفت کے لئے بوقت ضرورت پک اینڈ ڈراپ سروسز کے آپشنز بھی میسر ہوں گے۔ ایم ایم بی ایل کے ملازمین بیرون شہر کم نرخوں میں سفر کرسکیں گے جس کے پیکجز میں کار، ڈرائیور، فیول، مینٹی ننس، ٹول ٹیکس اور دوران سفر اسنیکس شامل ہیں۔

ایم ایم بی ایل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او، غضنفر عظام نے کہا، ”کریم کے ساتھ حالیہ معاہدے میں اپنے لوگوں کا خیال رکھنے پر توجہ دی گئی ہے جو ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ جیسے جیسے ایم ایم بی ایل ترقی کررہا ہے، اسی طرح ہم بھی ان کے لئے آسانی پیدا کرنے کی کاوشیں سرانجام دے رہے ہیں۔ ہمیں احساس ہے کہ ہمارے بہت سے ملازمین کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا ہے اور اس اقدام سے انہیں کسی پریشانی سے محفوظ، آرام دہ اور بحفاظت سفر کی سہولت حاصل ہوگی جبکہ انہیں پہلے سے فیول اور ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی مہیا کیا گیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس اشتراک سے نہ صرف ایم ایم بی ایل کے ملازمین کا اعتماد بڑھے گا بلکہ تمام ٹیم ممبرز کو بااختیاربنانے کا ہمارا عزم مزید مستحکم ہوگا۔”

کریم پاکستان کے جنرل منیجر، محمد عمران سلیم نے اس اشتراک پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، ”ایم ایم بی ایل میں اپنی کاروباری خدمات میں وسعت لانے پر ہمیں نہایت خوشی ہے۔ کریم فار بزنس ایک ایسا خصوصی حل ہے جسے کمپنیوں کی نقل و حمل سے متعلق ضروریات کی تکمیل کے پیش نظر تیار کیا گیا ہے۔ اس طرح کے اشتراک سے کاروبار میں بہتری لانے میں مدد ملے گی جب انکی تمام افرادی قوت ہمارے پلیٹ فارم کو بروئے کار لائے گی جہاں انہیں اعلیٰ ترین معیار کا آرام، اعتماد، اور بچت کی سہولت حاصل ہوگی۔”

انفرادی سفری خدمات کے علاوہ، رعایتی کرایوں کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں، ایئرپورٹ سے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت اور بیرون شہر سفری خدمات کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں کا احاطہ کیا گیا ہے جن میں اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، جہلم، ایبٹ آباد، نتھیا گلی، بھوربن، پشاور، سیالکوٹ، ملتان، گوجرانوالہ، اور حیدرآباد شامل ہیں۔

ایم ایم بی ایل اور کریم کے درمیان اشتراک سے شراکت داری اور جدت کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے کیونکہ اس سے دونوں کمپنیوں کے کام کے لئے بہتر مواقع پیدا ہوں گے جس کی بدولت وہ ملک بھر میں اپنے صارفین کی ضروریات کی تکمیل کیلئے جدت انگیز حل پیش کرسکیں گے۔