• مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور ”فری عافیہ ” کے نعرے لگا رہے تھے

واشنگٹن ( ویب نیوز)

  پاکستانی سرزمین سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اغواء کے 20سال مکمل ہونے کے موقع پر امریکی دارالحکومت میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر ” عافیہ کو رہا کرو” (Free Aafia) کے نعرہ کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔عافیہ موومنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق امریکہ میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے کام کرنے والی تنطیموں اور ان کے سپورٹرز کی جانب سے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے امریکی حکام سے باضابطہ درخواست کرنے کا ابتدائی اور پہلا قدم اٹھائے۔ان کا مطالبہ تھا کہ عافیہ صدیقی کو وطن واپس لایا جائے اور انہیں ان کے خاندان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں عافیہ رہائی تحریک کے سرگرم سپورٹر موری سلاخن (Mauri Salakhan) و دیگر مقررین نے کہا کہ 30 مارچ، 2003 ء کو پاکستانی حکام نے ایک بے گناہ خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ان کے تین کمسن بچوں سمیت پاکستانی سرزمین سے اغواء کرکے امریکی حکام کے حوالے کیا تھا ، اس شرمناک واقعہ کو 20 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ماں سے اس کے بچے چھین لیے گئے، پھر اسے امریکی حکام کے حوالے کیا گیا، جو اس وقت پاکستانی سرزمین پر آزادانہ کارروائیاں کر رہے تھے۔ اس کے بعدڈاکٹر عافیہ کو اس کے بچوں سمیت پانچ سال کیلئے لاپتہ کردیا گیا اور اس دوران اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے منہ پرایسی لات ماری گئی جس کے نتیجے میں اس کے سامنے کے سارے دانت ٹوٹ گئے۔ ڈاکٹر عافیہ کو مختلف خفیہ جیلوں (Black Sites) میں رکھا گیا۔ اس کے بعد ایک نام نہاد مقدمے میں اسے86 سال قید کی سزا سنائی گئی۔انہوں نے تمام بے گناہ افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔واضح رہے کہ امریکہ کے علاوہ بھی دیگر کئی ممالک میں سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے علمبردار پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔