• ہمارے پاس ظل شاہ قتل سمیت دیگر مقدمات کے تمام شواہد، ثبوت اور گواہ موجود ہیں
  • عدالت جے آئی ٹی کی تشکیل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے،درخواست میں موقف

لاہور (ویب نیوز)

ظل شاہ قتل اور جلا ئوگھیرائو سمیت 10 مقدمات کی تحقیقات کے لئے قائم جے آئی ٹی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔سابق وزیراعظم عمران خان اور فواد چوہدری سمیت 11 نامزد پی ٹی آئی رہنمائوں نے پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کو چیلنج کیا۔عمران خان اور دیگر رہنمائوں نے اپنے وکیل سکندر ذوالقرنین اور ظفر اقبال منگن کے توسط سے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے عمران خان سمیت 11 رہنمائوں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد 10 مقدمات درج کئے، ان مقدمات کی تحقیقات کے لئے پنجاب حکومت کی ہدایت پر ہوم سیکرٹری پنجاب نے جے آئی ٹی بنادی۔درخواست میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی میں کن مقدمات کی تحقیقات ہو رہی ہیں مکمل تفصیلات سے لاعلم ہیں، ظل شاہ سمیت دیگر مقدمات بے بنیاد بنائے گئے، ہمارے پاس ظل شاہ قتل سمیت دیگر مقدمات کے تمام شواہد، ثبوت اور گواہ موجود ہیں۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت جے آئی ٹی کی تشکیل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔