آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے حوالہ سے اہم پیش رفت، سعودی عرب کا پاکستان کے لئے دوارب ڈالر کی فنڈنگ کا گرین سگنل

اسلام آباد (ویب نیوز)

آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے حوالہ سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، سعودی عرب نے پاکستان کے لئے دوارب ڈالر کی فنڈنگ کا گرین سگنل دے دیا۔ جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کا گرین سگنل ملنا باقی ہے۔وزارت خزانہ ذرائع نے ایک نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار 10اپریل کو امریکہ جانے سے قبل متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کریں گے اورتوقع ہے کہ وہاں پر بھی پیش رفت ہوجائے گی اوریہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی جانب اہم قدم ہو گا۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو ابھی بھی 900ارب روپے کی سبسڈی پر اعتراض ہے اور آئی ایم ایف نے کہا ہے سبسڈی کی رقم کو کم کیا جائے۔جبکہ آئی ایم ایف شرح سود میں مزید اضافہ کا مطالبہ بھی کررہا ہے۔آئی ایم ایف پیٹرولیم لیوی کی مد میں 850ارب روپے سے زائد رقم جمع کرنے بھی مطالبہ کررہا ہے۔جبکہ آئی ایم ایف پیٹرول اورڈیزل کی امپورت بھی کم کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔آئی ایم ایف نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی اورٹیکسز کا شارٹ فال کم کرنے کا بھی مطالبہ کیاہے اور کہا ہے کہ ریونیو میں اضافہ کیا جائے۔