- آئی سی سی آئی کی جانب سے گورنر پنجاب کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو کے چیئرمین قیصر احمد شیخ ، سابق سنیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم اور پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ سمیت متعدد معززین نے افطار ڈنر میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کی معیشت بہتر ترقی کر رہی تھی اور سی پیک منصوبے پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا لیکن 2018 کے بعد سی پیک منصوبے پر کام سست روی کا شکار ہو گیا جس کی وجہ سے معیشت کی ترقی بھی متاثر ہوئی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے تاکہ اسے پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جائے۔ انہوں نے کہاکہ درہ خنجراب کا کھلنا خوش آئندہے کیونکہ اس سے سی پیک پر کام تیز ہو گا اور پاکستان و چین کی تجارت بہتر ہو گی جس سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ہے اور حکومت ان کو ہرممکن طریقے سے سپورٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ممالک ٹیکسوں کے ذریعے چلائے جاتے ہیں اور تاجر برادری ٹیکس کی ادائیگی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جبکہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے فلاحی سرگرمیوں میں حصہ ڈال رہی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا بہت ضروری ہے جس سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بہتر ہو گی، غربت کم ہو گی اور معیشت مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر ہونی چاہیے جبکہ کہوٹہ روڈ کی مرمت اور آئی جے پی روڈ کی تکمیل کا کام تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خطے میں نئے انڈسٹریل زون کے قیام کے لیے آئی سی سی آئی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور ان کے اعزاز میں شاندار افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر خطے میں ایک نیا انڈسٹریل زون قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے لہذا پنجاب حکومت اس اہم منصوبے کیلئے خطے کے نزدیک مناسب زمین فراہم کرے تا کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کر کے صنعتکاری کو بہتر فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جے پی روڈ پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ اس کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں ٹریفک جام کے مسائل سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی رنگ روڈ کی جلد تعمیر بہت ضروری ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت اس اہم منصوبے پر جلد کام شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ کہوٹہ روڈ پنجاب حکومت کے تحت ہے لہذا اس روڈ کی جلد از جلد مرمت کی جائے تا کہ کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائنگل کے صنعتکاروں کی مشکلات کم ہوں ۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان کو اپنے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے کے لیے برآمدات کو تیزی سے فروغ دینے کی ضرورت ہے، لیکن اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں مزید اضافہ کرکے اسے 21 فیصد تک بڑھا دیا ہے جس سے صنعتی شعبے کے لیے مزید مسائل پیدا ہوں گے لہذا انہوں نے اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ وہ شرح سود میں کمی کرے تا کہ صنعتی شعبہ بہتر ترقی کرے اور برآمدات بہتر ہوں۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ نجی شعبہ معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہے لہذا حکومت نجی شعبے کی مشاورت سے معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کرے جس سے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور ریونیو کے چیئرمین قیصر احمد شیخ، سابق سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ، اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر محمد احمد، چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک اور ظفر بختاوری نے بھی افطار ڈنر سے خطاب کیا ۔