مظفر آباد (ویب نیوز)
بینک آف آزاد جموں و کشمیر رمضان المبارک کے موقع پر ریاست کے سرکاری ، نیم سرکاری اورخودمختار اداروں کے مستقل ملازمین کے لئے خصوصی پیکیج کے تحت مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ پر قرضہ جات فراہم کررہاہے۔گزشتہ روزبینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے بزنس جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بینک کی جانب سے ”ایڈوانس سیلری سکیم” کے تحت فروری2023تک ریاست کے سرکاری اور خود مختار اداروں کے5ہزار189 ملازمین کو2ارب69کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ جات فراہم کئے گئے ۔ملازمین بچوں کی تعلیم، ان کی شادی جیسی گھریلو، ذاتی ومیڈیکل ضروریات کے لئے ایک سے چار سال تک کی مدت کے لئے اس سکیم سے مستفید ہو تے ہوئے20لاکھ روپے تک قرض حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینک ریاست کی سماجی و معاشی ترقی میںنمایاں کردار ادا کررہا ہے جب کہ رمضان المبارک میں ایڈوانس سیلری سکیم کے تحت مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ ریٹ،تیز ترین پراسیسنگ ،انتہائی آسان شرائط پر صارفین کو قرضہ جات فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ملازمین اس سکیم سے مستفید ہونے کے لئے بینک کی کسی بھی قریبی برانچ سے معاونت کے لئے رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بینک قرضہ جات کی18پر کشش سکیموں کے تحت مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ ریٹ، انتہائی آسان شرائط پر قرضہ جات فراہم کرنے سمیت منافع بخش اور بچت کے6 ڈیپازٹ و بچت اکائونٹس کے تحت خدمات پیش کر رہا ہے ۔قرضہ جات سکیموں تک صارفین کی آسان رسائی اور فوری ادائیگی سے خطے کی اقتصادی ترقی میں تیزی آرہی ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ صدر /سی ای او خاور سعید کی نگرانی ورہنمائی ، عملے کی محنت ، ٹیم ورک، صارفین کے تعاون سے بینک اہداف حاصل کر رہا ہے ۔