وفاقی کابینہ نے پنجاب الیکشن کیلئے فنڈز کی منظوری کا فیصلہ پارلیمنٹ پر چھوڑ دیا
اسلام آباد (ویب نیوز)
وفاقی کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی منظوری کا فیصلہ پارلیمنٹ پر چھوڑ دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اتوار کو وفاقی کابینہ کا اجلاس دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا ۔وزیراعظم نے ویڈیو لنک پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جبکہ بیشتر کابینہ اراکین بھی ویڈیولنک پر ہی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ، ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام ، وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرمملکت ہاشم نوتیزئی وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس میں شریک ہوئے۔ وفاقی وزرا سردار ایاز صادق، سعدرفیق سمیت کابینہ کے چند اراکین لاہور سے ویڈیولنک پر اجلاس میں شریک ہوئے ، وفاقی کابینہ اجلاس میں حکومتی قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی، اجلاس میں اہم نوعیت کے قانونی امور پر غور جاری کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا اور صدر مملکت کے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل واپس بھجوائے جانے پربھی غور کیا گیا۔ ایک نجی ٹی وی کے ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب الیکشن کے لیے فنڈز کی منظوری نہیں دی جا سکی، وفاقی کابینہ نے پنجاب انتخابات فنڈز کا معاملہ قومی اسمبلی بھجوانے کی منظوری دیدی، اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے پارلیمنٹ سپریم ہے جو فیصلہ کرے اس کا اختیار ہے، پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے فنڈز کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ کو 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو دینے کا حکم دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ 11 اپریل تک رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔