شہری عید کی خریداری کیلئے شاپنگ فیسٹیول سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔احسن بختاوری
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور جے سیون گروپ کے تعاون سے ایف ٹین مرکز اور ایف سیون مرکز میں عید شاپنگ فیسٹیول کا اہتمام کیا جو چاند رات تک جاری رہے گی۔ شاپنگ فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کیا۔ عوام نے شاپنگ فیسٹیول میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کو کئی سالوں بعد اسلام آباد میں اس طرح کی سہولت فراہم ہوئی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اسلام آباد کی دو اہم مارکیٹوں میں عید شاپنگ فیسٹیول کا اہتمام کرنے پر آئی سی سی آئی ، متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور جے سیون گروپ کی کاشوں کو سراہا کیونکہ اس سے عوام کو عید کی خریداری کے بہتر مواقع فراہم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انتظامیہ اس طرح کی فیسٹیول منعقد کرنے اور کاروبار سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی تا کہ معیشت کی حالت بہتر ہو۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاپنگ فیسٹیول کا مقصد مہنگائی کے اس دور میں شہریوں کو عید کی خریداری کیلئے بہترمواقع فراہم کرنا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہری اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ فیسٹیول میں عوام کو خریداری کے ساتھ ساتھ تفریح کے مواقع بھی فراہم کئے گئے ہیں کیونکہ اس فیسٹیول میں روایتی فوڈ ایریاز، آرٹ اینڈ کرافٹس کارنرز، مہندی کے اسٹالز، بچوں کے کھیلنے کی جگہ ، کارپوریٹ اسٹالز، لائیو میوزک اسٹیج، لکی ڈراز، کوئز، لیزر لائٹس، لائٹنگ ڈسپلے سمیت شہریوں کی دلچسپی کیلئے کئی سرگرمیاں شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شاپنگ فیسٹیول مہنگائی کی ستائی عوام کو بہتر ریلیف فراہم کرے گی اور مارکیٹ کے تاجروں کو بھی اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دینے کے عمدہ مواقع فراہم کرے گی۔انہوںنے کہا کہ چیمبر پورے اسلام آباد کی سطح پر ایک سمر فیسٹیول منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس سے شہر یوں کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت کی تمام اہم مارکیٹوں کے تاجروں کو کاروبار کو فروغ دینے کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ دنیا بھر میں شاپنگ فیسٹیولز کا رجحان بڑھ رہا ہے کیونکہ فیسٹیولز نہ صرف سیلز بڑھانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں بلکہ صارفین کو اپنی پسند کی خریداری کے عمدہ مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف ٹین اور ایف سیون مراکز میں شاپنگ فیسٹیول تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صارفین کو مناسب دام پر اپنی پسند کی عید شاپنگ کرنے کے بہتر مواقع فراہم کرے گی۔
ایف ٹین مرکز کی ایسوی ایشن کے چیئرمین طاہر عباسی اور صدر احمد خان اور ایف سیون مرکز کے صدر اسد عزیز نے کہا کہ شاپنگ فیسٹیول میں عوام کو عمرہ ٹکٹ سمیت دیگر پرکشش انعامات دیئے جائیں گے اور عید کی خریداری پر بھی مناسب ڈسکائونٹ دیا جائے گا۔ انہوںنے شاپنگ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد میں اسلام آباد انتظامیہ، ایم سی آئی، آئی سی سی آئی اور جے سیون گروپ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے شہریوں کو عید خوشیاں بھرپور طریقے سے منانے کا موقع ملے گا۔