- ہمارا اتحاد پیپلز پارٹی کے ساتھ تھا پی پی کا امیدوار نہیں تو ووٹ دینے کے پابند بھی نہیں۔ شاہ غلام قادر
مظفر آباد (ویب نیوز)
آزاد کشمیر میں نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے صورت حال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے ۔سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی ہائی کورٹ سے نااہلی کے بعد وزارت عظمی کے انتخاب کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ صورتحال تبدیل ہورہی ہے . صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف بغاوت کرتے ہوے فارورڈ بلاک قائم کرلیا جبکہ اپوزیشن اتحاد میں شامل پاکستان مسلم لیگ ن نے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے اپنا امیدوار لانے کا اعلان کر دیا ہے ۔ آزاد کشمیر کاسیاسی بحران بدستور برقرار ہے، حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصا ف(پی ٹی آئی)اور مشترکہ اپوزیشن اب تک وزارت عظمی کے امیدوار کے لیے نام کا حتمی فیصلہ نہیں کر سکے ہیں۔مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے میڈیا کو بتایا پاور شیئرنگ فارمولے کے تحت ہمارا اتحاد پیپلز پارٹی کے ساتھ تھا۔اگر وزیراعظم کا امیدوار پیپلز پارٹی سے ہوتا تو ہم اسے ووٹ دینے کے پابند تھے لیکن پیپلز پارٹی نے فارورڈ بلاک سے معاملات طے کرتے وقت مسلم لیگ ن کو اعتماد میں نہیں لیا اور نہ ہی فارورڈ بلاک نے رابطہ کیا ہے اگر یہی رویہ رہا تو مسلم لیگ ن کے 7 ووٹ کے ساتھ اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے ۔ وزارت عظمی کے الیکشن کے لیے اپنا امیدوار لا سکتے ہیں مسلم لیگ ن کا رد عمل سامنے آنے کے بعد فارورڈ بلاک کی طرف بیرسٹر سلطان محمود نے رات گئے ن لیگ کے ساتھ مذاکرات شروع کردیے ہیں تاکہ انہیں فارورڈ بلاک کے امیدوار چوہدری رشید کی حمایت پر آمادہ کیا جا سکے۔