لاہور (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ توہین عدالت پر پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے نا اہلی بھگتی تھی اب موجودہ وزیراعظم شہبازشریف بھی بھگتیں گے۔پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان سے مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالہی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں الیکشن کیلئے ٹکٹوں پر تفصیلی مشاورت اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔اس دوران سابق وزیراعظم نے خصوصی طور پر سابق وزیراعلی پنجاب کے صاحبزادے مونس الہی کی خیریت بھی دریافت کی۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر حکمران غلط روایت ڈال رہے ہیں، توہین عدالت پر پہلے یوسف رضا گیلانی نے نا اہلی بھگتی اب انشا اللہ شہبازشریف بھی بھگتے گا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلی کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رہے ہیں، خواجہ طارق رحیم اور فواد چودھری پیروی کریں گے۔اس موقع پر پرویز الہی نے کہا کہ پنجاب میں امیدواروں پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے، ٹکٹوں کا اعلان عمران خان خود کریں گے، الیکشن کو روکنے کیلئے ہر غیر آئینی ہتھکنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے، نااہل حکمرانوں کو اپنے ہر غیر آئینی اقدام کا جواب دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کسی بھی صورت اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں چاہے انہیں آئین شکنی ہی کیوں نہ کرنی پڑے۔ آئین شکن شوباز شریف قوم کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہو چکا ہے۔۔