- سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پر صدر مملکت نے دو بار دستخط نہیں کیے تھے
اسلام آباد (ویب نیوز)
سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل باقاعدہ قانون بن گیا۔بل منظوری کے تمام مراحل مکمل ہونے پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پرنٹنگ کارپوریشن کو گزٹ نوٹیفکیشن کا حکم دے دیا۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق مجلس شوری (پارلیمان)کا سپریم کورٹ(پریکٹس اینڈ پروسیجر)ایکٹ 2023 دستور پاکستان کی دفعہ 75 کی شق 2 کے تحت صدر سے منظور شدہ سمجھا جائے گا۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس ا ینڈپروسیجر بل اب قانون کی شکل میں نافذ ہو چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے پریکٹس ا ینڈپروسیجر بل پر عمل درآمد روک دیا تھا جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے بل کو دو مرتبہ دستخط کے بغیر واپس بھجوا دیا تھا۔اسمبلی سیکریٹریٹ کے بیان کے مطابق اس قانون پر صدر کی منظوری کا اطلاق 21 اپریل سے ہو گا۔