اسلام آباد (ویب نیوز)
- آئین کے دائرے کے اندر رہ کر حل تجویز کریں گے، عوام کی فلاح اور پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں
- قوم کو ہیجانی کیفیت سے نکالنا چاہتے ہیں، عمران خان نے ہمیں مکمل مینڈیٹ دیا ہے، مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد نے کہا ابھی ان کو وقت چاہئے، ہم نے کہا وقت لے لیں اور ایک پروپوزل سامنے لائیں۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج مذاکرات کی پہلی نشست مکمل ہوئی، تقریبا دو گھنٹے تک نشست جاری رہی، اگر نیت صاف ہو تو سیاسی مسائل کا حل نکل سکتا ہے، ہم آئین کے دائرے کے اندر رہ کر حل تجویز کریں گے، عوام کی فلاح اور پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کو ہیجانی کیفیت سے نکالنا چاہتے ہیں، عمران خان نے ہمیں مکمل مینڈیٹ دیا ہے، طے ہوا ہے جمعہ کو اسی کمیٹی روم میں تین بجے ملاقات ہوگی، جماعتیں متفق ہیں کہ سیاسی مسائل کا حل ساتھ بیٹھ کر نکل سکتا ہے، ہم نے اس عمل کو تاخیر کا شکار نہیں ہونے دینا ، اس کا مثبت حل نکالنا ہے، اگر ان کا پروپوزل آئین کے دائرے میں ہوا تو کھلے ذہن سے بات کریں گے۔سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا، ڈائیلاگ کو معنی خیز طریقے سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے، مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور استعمال نہیں کیا جانا چاہئے، پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ فوقیت عوام کی فلاح کو دینی چاہئے، ہم مذاکرات کے ذریعے حل نکالنا چاہتے ہیں، عمران خان سے ہماری مشاورت ہوئی ہے۔۔۔
- انتخابات تو ایک دن ہوں گے، فیصلہ الیکشن کی تاریخ کا کرنا ہے، فاروق نائیک
- سپریم کورٹ نے چیئرمین سینیٹ کو سہولت کار بننے سے نہیں روکا، رہنما پیپلزپارٹی
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور ماہر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ انتخابات تو ایک دن ہی ہوں گے، فیصلہ الیکشن کی تاریخ کا کرنا ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ یہ طے ہے کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک دن ہوں گے، فیصلہ یہ کرنا ہے کہ انتخابات کب ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کریں گے، سپریم کورٹ نے چیئرمین سینیٹ کو سہولت کار بننے سے نہیں روکا، چیئرمین سینیٹ سیاسی جماعتوں کو خط لکھیں گے۔واضح رہے کہ حکمراں اتحاد اور تحریک انصاف کے رہنماوں کے درمیاں بیک وقت الیکشن کے حوالے سے مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوگیا جبکہ مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو منعقد ہوگا