لندن (ویب نیوز)
برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کے مطابق موجودہ حکومت کا اپنی مدت پوری کرنے کا امکان ہے اور پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے پاکستان کی کنٹری رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں سیاسی عدم استحکام، سکیورٹی اور معاشی کمزوریاں بڑے مسائل قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے نیا آئی ایم ایف پروگرام لینا پڑے گا۔دی اکانومسٹ کی رپورٹ میں موجودہ اتحادی حکومت کی اپنی مدت پوری کرنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی، ٹیکسوں کا بوجھ بڑھنے سے حکومت مقبولیت کھو چکی ہے، ڈالر 2023 میں 291 روپے رہنے کا امکان ہے جبکہ 2025 میں امریکی ڈالر 302 تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سال 2024 سے 2027 کے دوران پاکستانی روپیہ کمزور رہے گا۔ دی اکانومسٹ کی رپورٹ میں پاکستان میں شرح سود بھی مزید 2 فیصد بڑھ کر 23 فیصد تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔