اسلام آباد (ویب نیوز)

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی انتظامیہ نے کشمیری مسلمانوں کو مسلسل چوتھے برس سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز عید ادا نہیں کرنے دی۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے خواتین سمیت 40 کے قریب کشمیریوں کو محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیاجبکہ غیر قانونی طور پر نظر بند سید شکیل یوسف اور سید شاہد یوسف کی جائیداد بھی ضبط کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری محافظ خرم پرویز کے ضلع بڈگام میں قائم ایک دفترپر بھی چھاپہ مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں مقبوضہ علاقے میں بنیادی آزادیوں کو دبانے اور مقامی آبادی کو دہشت زدہ کرنے کی بھارتی حکمت عملی کاعکاس ہیں۔