اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی انشورنس محتسب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انشورنس معاملات میں انصاف کی فراہمی کے لئے ادارے کے کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کو وفاقی انشورنس محتسب کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2022 بدھ کو یہاں ایوان صدر میں پیش کی گئی، وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ عوام کو انشورنس معاملات میں ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی تیز تر کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام انشورنس پالیسیوں سے متعلق شکایات کے حل کیلئے وفاقی انشورنس محتسب سے رجوع کریں اور انشورنس معاملات میں انصاف کی فراہمی میں ادارے کے کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے۔ صدر مملکت نے وفاقی انشورنس محتسب کی سال 2022 کی کارکردگی کو سراہا۔وفاقی انشورنس محتسب نے سال 2022 کی رپورٹ میں کہا کہ 4634 شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ سال کے دوران انشورنس پالیسی ہولڈرز کو 2.5 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی انشورنس محتسب نے 95 فیصد انشورنس کیسز کا ازالہ 60 دنوں میں کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کیلئے انشورنس محتسب نے سکھر اور حیدر آباد میں نئے دفاتر کھولے ہیں۔