- نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کلمہ انڈرپاس ری ماڈلنگ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا
- روزانہ 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی آسان آمد و رفت سے ٹریفک دبائو میںکمی آئیگی، شہریوں کو بے پناہ سہولت مل رہی ہے
- 2 نئے انڈرپاس بھی تعمیر کئے گئے ہیں ،5 کلومیٹر سڑکوں کے نیٹ ورک کو بحال کیا گیا ہے، 10 ہزار نئے پودے لگائے ہیں
- منصوبے کو تکمیل کی طے شدہ تاریخ سے 20 روز قبل مکمل کیا گیا ہے، کلمہ انڈرپاس کو 358 میٹر توسیع کرکے از سرنو تعمیر کیا گیا ہے :بریفنگ
لاہور (ویب نیوز)
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کلمہ انڈرپاس ری ماڈلنگ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ محسن نقوی نے کلمہ انڈرپاس ری ماڈلنگ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کو تکمیل کی طے شدہ تاریخ سے 20 روز قبل مکمل کیا گیا ہے۔ کلمہ انڈرپاس کو 358 میٹر توسیع کرکے از سرنو تعمیر کیا گیا ہے ۔برکت مارکیٹ سے علی زیب روڈ اور برکت مارکیٹ تک انڈرپاس بھی تعمیر کئے گئے ہیں اور تقریباً 5 کلومیٹر سڑکوں کے نیٹ ورک کو بحال کیا گیا ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پراجیکٹ ایریا کی تمام واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینج لائنوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے علاقے میں ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے 10 ہزار نئے پودے لگائے ہیں۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ روزانہ تقریباً 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی آسان آمد و رفت سے ٹریفک کے دبائو میں نمایاں کمی آئے گی۔پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت مل رہی ہے۔کلمہ چوک، گلبرگ ، لبرٹی اور دیگر علاقوں میں ٹریفک جام کا مسئلہ مستقل حل ہو گیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل پر سی بی ڈی حکام کی کارکردگی کو سراہا ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ڈی جی پی ایچ اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔