چیئرمین واپڈا کا تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کا دورہ
منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل کیلئے کوششوں میں تیزی لائی جائے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی
بجلی کے نرخوں میں کمی اور معیشت کے استحکام کیلئے ماحول دوست اور سستی پن بجلی اشد ضروری ہے
تربیلا( ویب نیوز)
چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کو تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کے دورے میں بریفنگ کے دوران پراجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک ہزار 530 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کا یہ منصوبہ 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔ورلڈ بنک کے مسعود احمد بھی چیئرمین واپڈا کے ہمراہ تھے۔جنرل منیجر تربیلا ڈیم ذاکر عتیق، پانچویں توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کے نمائندوں نے منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ منصوبے کی پانچ مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ بریفنگ میں منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل ممکن بنانے کیلئے وضع کردہ ریکوری پلان پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے ان ٹیک، پین سٹاک، آوٹ لٹ، پاور ہاوس اور سوئچ یارڈ سمیت منصوبے کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ممبر پاور جمیل اختر، جنرل منیجر (پاور) تربیلا نصرمن اللہ، جنرل منیجر (سی اینڈ ایم) واٹر محمد اعظم جوئیہ، جنرل منیجر (ایچ آرڈی) بریگیڈیئر محمد حامد رضا (ریٹائرڈ) اور جنرل منیجر (سکیورٹی) بریگیڈیئر محمد طفیل (ریٹائرڈ) اِس موقع پر موجود تھے۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی اور معیشت کے استحکام کیلئے ماحول دوست اور سستی پن بجلی اشد ضروری ہے۔ موجودہ صورت حال اس بات کی متقاضی ہے کہ پن بجلی کے منصوبوں کووقت پر مکمل کیا جائے۔چیئرمین واپڈا نے اس بات پر زور دیا کہ پراجیکٹ انتظامیہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے اپنی کوشش مزید تیز کرے۔تربیلا کاپانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی تعمیر کیلئے ورلڈ بنک 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر مہیا کر رہا ہے۔منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 350 میگا واٹ ہے۔ اس کے تین پیداواری یونٹس ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510 میگا واٹ ہے۔اپنی تکمیل پر یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطا ایک ارب34 کروڑ70لاکھ یونٹ کم لاگت پن بجلی فراہم کرے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔چیئرمین واپڈا نے تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے ان ٹیک سٹرکچر کا بھی مشاہدہ کیا اور مذکورہ منصوبے کے آپریشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ایک ہزار 410 میگاواٹ صلاحیت کا تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ عالمی بنک کی معاونت سے 2018 میں مکمل کیا گیا تھا اور اپنی تکمیل کے بعد سے اب تک یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو 18 ارب 67 کروڑ کم لاگت پن بجلی مہیا کر چکا ہے ۔۔۔۔