- آئندہ سماعت میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے،الیکشن کمیشن
اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان او ر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور اسد عمر کو5 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔منگل کو ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری جبکہ اسد عمر کی جانب سے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا آرڈر گزشتہ روز موصول ہوا، آرڈر لیٹ موصول ہوا تو کیسے تیاری کرتے۔ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا موقع دیا تھا، جس پر وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہمارے خلاف 150 کیسز ہیں، روزانہ 36 کیسز ہوتے ہیں۔الیکشن کمیشن کے ممبر نے کہا کہ جب 150 کیسز نہیں تھے تب بھی آپ پیش نہیں ہوتے تھے۔فیصل چوہدری نے سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں، الیکشن کمیشن یہ بات دماغ سے نکال دے کہ ہم ان کی توہین کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے، تینوں رہنمائوں کی عدم پیشی پر اگلی سماعت پر کیس کو بھی نمٹا دیں گے۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 5 جون تک ملتوی کردی۔