انتخابات کیس، سیاسی ایشوز مذاکرات سے بہتر انداز میں حل ہو سکتے ہیں: سپریم کورٹ
ملک بھر میں ایک دن انتخابات کرانے کے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
اسلام آباد( ویب نیوز)
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ سیاسی ایشوز مذاکرات اور اتفاق رائے سے ہی بہتر انداز میں حل ہوسکتے ہیں توقع ہے سیاسی جماعتیں ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہوجائیں گی۔ملک بھر میں انتخابات ایک دن کرانے سے متعلق کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ایک دن انتخابات کرانے کے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات پر اتفاق رائے کیلئے پرامید جماعتوں کی سیاسی ایشو کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش قابل ستائش ہے، سیاسی ایشوز مذاکرات اور اتفاق رائے سے ہی بہتر انداز میں حل ہو سکتے ہیں، توقع ہے سیاسی جماعتیں تقسیم کے خاتمے اور ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہو جائیں گی۔عدالت عظمی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں نے مذاکراتی عمل پر رپورٹس جمع کرائیں، سعد رفیق نے بتایا کہ ایک ساتھ انتخابات کرانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، انہوں نے کہا مذاکرات جاری رہے تو تاریخ پر اتفاق ہو جائے گا، شاہ محمود قریشی نے جواب میں مذاکرات میں پیشرفت پر مایوسی کا اظہار کیا، مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کی جاتی ہے۔۔