کوئٹہ (ویب نیوز)
بلوچستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ 16 جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے۔محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق مالی سال 2023-24 کے بجٹ کا حجم 700 ارب روپے تک ہونے کا امکان ہے، بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 529 ارب 32 کروڑ روپے ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کا خسارہ 150 ارب سے زائد ہونے کا امکان ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ 200 ارب روپے کے لگ بھگ ہو سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 5 ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں30 فیصد اضافے کی تجویز شامل ہے۔ آئندہ بجٹ میں بلوچستان کے اپنے وسائل سے آمدنی کا تخمینہ 60 ارب 32 کروڑ روپے ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت قابل تقسیم محاصل اور دیگر ذرائع سے آمدن کا تخمینہ 413 ارب روپے ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے لیے 90 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز ہے جبکہ امن و امان کے لیے 60 ارب روپے اور صحت کے لیے 50 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز ہے۔