اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو توہین الیکشن کمیشن کیس کا حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا۔سابق وفاقی وزیر فوادچوہدری نے توہین الیکشن کمیشن میں شوکاز نوٹس کیخلاف درخواست دائر کی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن پر سماعت ہوئی اور الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے 2 صفحات کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کیس کی کارروائی جاری رکھے لیکن حتمی فیصلہ نہیں دے۔الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جولائی کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کرلیا گیا۔ حکم نامہ کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے 27جنوری کے نوٹس اور 13جون کے شوکاز نوٹس کو چیلنج کیاگیا۔