اسلام آباد (ویب نیوز)
صدرِ مملکت عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ایس این جی پی ایل کی اپیل مسترد کردی اور سوئی ناردرن گیس کو صارف سے معافی مانگنے اور بل درست کرنے کی ہدایت کردی۔شہری کی رہائش گاہ پر ایک گیزر لگا ہوا تھا مگر 2 گیزروں کا بل بھیج دیا گیا تھا۔کمپنی ٹھیکیدار نے کاغذات میں 2 گیزر لکھ دیئے تھے اور تصدیق میں ہیرا پھیری کے لیے اپنا رابطہ نمبر دے دیا تھا۔سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کا ٹھیکیدار فراڈ کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔پولیس نے کمپنی کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کیس میں کوئی مداخلت نہ کی جس پر شہری نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا جس کے بعد کمپنی کو بدانتظامی اور بل کی اصلاح کی ہدایت کی گئی۔کمپنی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدرِ مملکت کو اپیل دائر کی جس پر عارف علوی نے وفاقی محتسب کا حکم برقرار رکھا اور کمپنی کی اپیل مسترد کردی۔صدرِ مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ شرمناک ہے کہ انتظامیہ کمپنی کے اندر بدعنوانی کو نظر انداز اور عوام کو ہراساں کر رہی ہے۔صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ معاملے کی انکوائری کی جائے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔