پرویز الٰہی کی رہائی کے روبکار پر جیل حکام کا اعتراض، عدالت برہم، ڈی آئی جی جیل خانہ جات طلب

اینٹی کرپشن کی درخواست پر عدالت کا اظہار برہمی ، کیمپ سپرنٹنڈنٹ جیل، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹسز جاری

روبکار جاری ہونے کے باجود ملزم کو رہا کیوں نہیں کیا:عدالت ،سرکل آفیسر اینٹی کرپشن رضوان نواز کو شو کاز نوٹس جاری

لاہور(ویب  نیوز)

عدالت نے پرویز الہی کی رہائی کے حکم پر جیل حکام کے اعتراض پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو بھی طلب کرلیا ۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کے روبکار پر جیل حکام نے اعتراض عائد کردیا۔ پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں عدالتی حکم کے باوجود پرویز الٰہی کی رہائی ممکن نہ ہوسکی، جیل حکام نے رہائی کے روبکار پر اعتراض عائد کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کی وضاحت کے لئے اینٹی کرپشن عدالت سے رجوع کرلیا۔اینٹی کرپشن کی درخواست پرعدالت نے جیل حکام کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اسپیشل جج اینٹی کرپشن علی رضا اعوان نے سماعت کرتے ہوئے کیمپ سپرنٹنڈنٹ جیل، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے۔عدالت نے کہا کہ روبکار جاری ہونے کے باجود ملزم کو رہا کیوں نہیں کیا۔عدالت نے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن رضوان نواز کو شو کاز نوٹس جاری کردیے اور ذاتی طور پر جواب سمیت طلب کرلیا۔ علاوہ ازیں عدالت نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو طلب کر لیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بعد از گرفتاری کی درخواست منظور ہونے کے بعد پرویز الٰہی کی جانب سے 10 لاکھ مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے تھے جس پر عدالت نے پرویز الہی کی رہائی کا پروانہ جاری کیا تھا۔