2024-23میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف کی رپورٹ جاری
گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5 فیصد رہی، 2024میں بے روزگاری ساڑھے 8فیصد سے کم ہوکر 8فیصد پر آجائے گی
رواں سال اوسط مہنگائی 29.6فیصد سے کم ہو کر 25.9فیصد پر آنے کی پیش گوئی ، ذمہ قرضوں کا حجم 81.8فیصد سے کم ہو کر 74.9فیصد پر آجائے گا
اسلام آباد (ویب نیوز)
آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ سال 2024-23میں معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5 فیصد رہی، حکومت نے گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 0.3 فیصد مثبت رہنے کا دعوی کیا تھا۔ آئی ایم ایف کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ سال 2024میں بے روزگاری ساڑھے 8فیصد سے کم ہوکر 8فیصد پر آجائے گی جبکہ اس سال اوسط مہنگائی 29.6فیصد سے کم ہو کر 25.9فیصد پر آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق اس سال مالی خسارہ معمولی کمی سے ساڑھے 7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم 81.8فیصد سے کم ہو کر 74.9فیصد پر آجائے گا۔