گزشتہ حکومت میں تاخیر کے باعث ایم ایل ون منصوبہ کی لاگت 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی،خواجہ سعد رفیق

منصوبہ کے دائرہ کار اور تخمینہ بارے چین سے معاملات طے پا گئے

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ 15 سال کیلئے کی جائے گی، وزیر ریلوے کی پریس کانفرنس

اسلام آباد( ویب  نیوز)

وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں تاخیر کے باعث ایم ایل ون منصوبہ کی لاگت 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی،منصوبے کے دائرہ کار اور تخمینے سے متعلق چین سے معاملات طے پا گئے جس کے تحت لاگت 6.67 ارب ڈالر ہو گی ،ریلوے کو زمینوں سے تین ارب بتیس کروڑ کی تاریخ ساز آمدن ہوئی،پی آئی اے کے آپریشن میں زیادہ سے زیادہ اصلاحات کی ہیں،چار جدید ایئر بس 320 طیارے حاصل کیے گئے اور طویل عرصے سے کھڑے دو بوئنگ 777 طیاروں کی بحالی کی گئی، اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ 15 سال کے لیے کی جائے گی،اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی کامیاب آوٹ سورسنگ کے بعد لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کی طرف جائیں گے۔وہ بدھ کو یہاں پاکستان ریلویز ، پی آئی اے ،ایوی ایشن حکام کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔ وفاقی وزیر ریلوے و ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم ایل ون 6.8 ارب ڈالر کا منصوبہ تھا جو چھ سال میں مکمل ہونا تھا۔گزشتہ دور حکومت میں تاخیر کے باعث منصوبہ کی لاگت 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ سیکرٹری پاکستان ریلویز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ازبکستان ،افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبہ گیم چینجر ثابت ہو گا۔یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہوگی ، یہ منصوبہ پاکستان کو وسطی ایشیا ،روس اور بالٹک ریاستوں سے ملائے گا۔ہم نے اپنی نوعیت کے اس اہم منصوبے پر 18 جولائی کو دستخط کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے فلیٹ میں 46 نئی کوچز ، 200 نئی فلیٹ ویگنز کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے کو زمینوں سے تین ارب بتیس کروڑ کی تاریخ ساز آمدن ہوئی۔پنجاب حکومت کے ساتھ 43 ہزار ایکڑ زمین کی ملکیت کا تنازعہ طے ہو گیا ہے، ریلوے کی 300 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی، ریلوے بورڈ میں سیاسی بنیادوں کی بجائے پروفیشنل ممبران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ سیکرٹری وزارت ریلوے نے بتایا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے رابطہ ایپلیکیشن کا آغاز کیا ہے۔ دوسری جانب سکریپ کی بروقت اور شفاف نیلامی سے 3 ارب 90 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے قانونی معاملات کو بہترین انداز میں حل کرنے کے لیے لیگل ڈائریکٹوریٹ کی تنظیم نو کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ گوادر میں 400 ایکڑ زمین کی خرید اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کے دفتر کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بلوچستان میں ریلوے نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسافروں کی سہولت کے لیے شٹل سروس کا آغاز کیا۔ وزیر ریلوے و ہوبازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پروازوں کی بروقت روانگی کو یقینی بنایا گیا ہے جس کا تناسب 75 فیصد رہا۔پی آئی اے نے ترکش ائیر لائن کے ساتھ کوڈ شئیر معاہدے کے تحت پاکستان سے استنبول کے لیے ہفتے میں چھ پروازیں چلائی۔پی آئی اے برینڈ نے کارپوریٹ سیکٹر کو پی آئی اے کے ساتھ اشتراک پر قائل کیا جبکہ کوبرانڈنگ سے 2 کروڑ سے بڑھا کر سالانہ ہدف کو 50 کروڑ روپے کیا گیا جو 81 فیصد تک حاصل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے یورپی ائیر سیفٹی اور برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام آڈٹس خوش اسلوبی سے مکمل کر لیے ہیں۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی برطانوی ،یورپی اور امریکی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔عالمی تقاضوں کے مطابق قانون سازی کر کے ان کو مطمئن کر دیا گیا ہے۔امید ہے پہلے مرحلے میں برطانیہ سے اجازت حاصل کر لی جائے گی اور ستمبر کے آخر تک براہ راست پروازوں کا اجرا ہو جائے گا۔سی ای او پی آئی اے ائیروائس مارشل عامر حیات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چار جدید ایئر بس 320 طیارے حاصل کیے گئے اور طویل عرصے سے کھڑے دو بوئنگ 777 طیاروں کی بحالی کی گئی،ایک اے ٹی آر طیارے کو ٹھیک کر کے پاک نیوی کو دیا گیا، 14 ائیربس طیاروں میں سے 11 کی خستہ حال نشستوں کو تبدیل کر لیا گیا ہے ۔دیگر تین جہازوں کا سامان مہیا ہے اگلے چند ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا ۔سی ای او پی آئی اے ائیروائس مارشل عامر حیات نے بتایا کہ پی آئی اے کے ذمہ 742 ارب کا قرضہ ہے جو ہمیں ورثہ میں ملا،قرضوں ،سود کی ادائیگیوں سے پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 2022 میں 80 ارب رہا اور 2023 میں 112 ارب متوقع ہے۔تنظیم نو نہ کی گئی تو 2030 میں پی آئی اے کا سالانہ خسارہ 259 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔پی آئی اے کی تنظیم نو کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور ہم نے اس سلسلے میں ایک روڈ میپ بنا دیا ہے ۔پی آئی اے کو منافع بخش اور بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنانے کا واحد حل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ہے۔ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضی نے بتایا کہ نیشنل ایوی ایشن پالیسی2023 وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی ۔کنزیومر پروٹیکشن ، ایوی ایشن آور سائٹ کمیٹی بنائی گئی ۔ ایئر سروسز لائسنس ،ٹورازم لائسنس کے لیے آسانیاں پیدا کی گئیں۔صدر نے سول ایوی ایشن اور ایئر پورٹ اتھارٹی قوانین کی منظوری دیدی۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد ایئر پورٹ کو آوٹ سورسنگ کی جائیگی ۔یو کے، یورپ نے آن لائن آڈٹ مکمل کر لیا۔ایک سو ال کے جواب میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ 15 سال کے لیے کی جائے گی۔اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ کے لیے اشتہارات آ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا ۔ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تسلسل کے بیس سال چاہییں ۔کسی بھی حکومت نے ریلوے پر وہ توجہ نہیں دی جو اس کا حق بنتا تھا۔ ریلوے کو بہتر بنانے کے لیے اسے ترجیح دینی پڑے گی۔ٹرین حادثے میں کہا گیا ریلوے ٹریک پر لکڑی لگی ہوئی تھی۔دنیا بھر میں ریلوے ٹریک پر فش پلیٹ کا استعمال ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب آیا تو ریلوے نے اپنے موجود فنڈز میں سے بحالی کا کام مکمل کیا۔ریلوے کی زمینوں پر قبضہ ہو جاتا تھا اسے استعمال نہیں کر سکتے تھے۔موجودہ چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے شکرگزار ہیں جن کی بدولت زمینوں سے قبضہ واگزار کرایا گیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ ٹرین حادثے میں چھ اہلکاروں کو معطل کیا ہے۔ ایک سوال کے جوا ب میں انہوں نے کہا کہ روزویلٹ تین سال کے لیے محفوظ کر دیا ہے۔تین سال بعد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چھیالیس منزلہ بلڈنگ بنانی پڑے گی۔اگر اگلی حکومت نے تین سال میں فیصلہ نہ کیا تو روزویلٹ آثار قدیمہ بن جائے گا۔منفی کریڈٹ اور ایکسچینج ریٹ کے باعث بیرونی دنیا جہاز دینے کو تیار نہیں۔ہولڈنگ کمپنی بنا کر پی آئی اے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائیں گے۔آوٹ سورسنگ کا مطلب ائیرپورٹ کو بیچنا نہیں ہے ، پوری دنیا کے ائیرپورٹس آوٹ سورسنگ سے چل رہے ہیں۔آوٹ سورسنگ سے کسی کی نوکری خطرے میں نہیں پڑے گی۔اتحادی حکومت نے تمام جماعتوں کی مشاورت سے فیصلے کیے۔۔