ہفتہ وار بنیادوں پرمہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد کا مزید اضافہ
5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں،ادارہ شماریات
اسلام آباد(ویب نیوز)
ہفتہ وار بنیادوں پرمہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد کا مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح 30.82 فیصد تک پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے 29 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ گزشتہ ہفتے پسی ہوئی مرچ کا 200 گرام پیکٹ 13 روپے، پیک دودھ 390 گرام 28 روپے مہنگا ہوا ہے۔دال ماش 15 روپے، دال مونگ 3 روپے اور دال مسور 2 روپے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔ سبزیوں میں لہسن کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ چینی فی کلو 3 روپے، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 9 روپ، انڈے فی درجن 5 روپے مہنگے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے پیاز،آلو، ٹماٹراور کیلے بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ ویجٹیبل گھی کی قیمت میں 9 روپے کی کمی ہوئی ہے، جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 38 روپے، برینڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔۔۔