ملک بھر میں 58 واں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا
یومِ دفاع و شہدا کے حوالے سے قومی یادگار شکر پڑیاں پر تقریب منعقد ہوئی ، تقریب میں نگران وزیرِ اعظم نے شرکت کی
قائد اعظم اور علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد ہوئیں ، فاتحہ خوانی کی گئی اور پھول رکھے گئے
نیول ،ائیربیسز اور چھائونیوں میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں دفاعی ساز وسامان کی نمائش کی گئی
اسلام آباد،لاہور ،کراچی (ویب نیوز)
ملک بھر میں 58 واں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا،6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہدا کے حوالے سے قومی یادگار شکر پڑیاں پر پر وقار تقریب منعقد ہوئی ، تقریب میں نگران وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے شرکت کی، یادگار پر فاتحہ پڑھی، پھول رکھے ۔ ۔نشانِ حیدر پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید اور میجر شبیرشریف شہید کے مزاروں پر بھی یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر تقاریب منعقد ہوئیں، اس موقع پر دونوں شہدا کے مزاروں پر پھول رکھے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔لاہور میں شاعر مشرق ، مصورِ پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔کور کمانڈر لاہور سید عامر رضا تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے انہوں نے مزارِ اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ تقریب میں دیگر اعلیٰ فوجی افسران نے بھی شرکت کی جبکہ مزار اقبال کے اطراف میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کے ائیرآفیسرکمانڈنگ ائیروائس مارشل غضنفر لطیف تھے ، مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف نے اس موقع پر مزارِ قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔گارڈ ز تبدیلی کی تقریب میں 7 خواتین سمیت 57 کیڈٹس نے حصہ لیا جبکہ تقریب کے دوران مزار قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔ یوم دفاع کے حوالے سے نیول ،ائیربیسز اور چھائونیوں میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں دفاعی ساز وسامان کی نمائش کی گئی۔اس کے علاوہ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم دفاع پر تقریبات ،کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جن میںشہدا ء اور 1965کی جنگ کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔